مقبوضہ کشمیر، شہداء خانیار کو حریت فورم اور عوامی مجلس عمل کا خراج عقیدت

ظالمانہ ہتھکنڈوںسے حریت پسند قیادت اور عوام کو منصفانہ جدوجہد سے ہرگز باز نہیں رکھا جاسکتا

منگل 8 مئی 2018 20:42

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں میرواعظ عمرفاروق کی زیر قیادت حریت فورم اور عوامی مجلس عمل نے شہداء خانیار کو ان کے 27ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز سے 27سال قبل آج ہی کے دن سرینگرکے علاقے خانیار میں نہتے اور معصوم شہریوں پراندھا دھند فائرنگ کرکی25 افراد کو شہید اور درجنوںکو شدید زخمی کرکے زندگی بھر کیلئے معذور بنا دیا تھا ۔

حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی ہدایت پرشہداء خانیار کی یاد میںمزار شہداء خانیار پر فاتحہ خوانی کی گئی جس میں حریت فورم اورعوامی مجلس عمل کے رہنمائوں، کارکنوں، مقامی تاجروںاور معززین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء میں الحاج معراج الدین چھو، محمد سید دیدہ مری، ایڈوکیٹ یاسر رئوف دلال، فاروق احمد، ساحل احمد وار اورمولوی نذیر احمد قادری شامل تھے۔

اس موقع پر تجدید عہد کیاگیا کہ جس بلند نصب العین کیلئے کشمیری قوم بے مثال جانی و مالی قربانیاں پیش کررہی ہیں اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہر قیمت پرجدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ شرکاء نے سرینگر اور شوپیاں میں حال ہی میں نہتے شہریوںکے قتل عام اور درجنوں افراد کو شدید زخمی کئے جانے کے خلاف احتجاج کیا اوران کارروائیوںکو بدترین ریاستی دہشت گردی قراردیا۔

انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پرجنوبی کشمیر میں ظلم وجبر اورماردھاڑ کی کارروائیوں کیخلاف نعرے درج تھے۔شرکاء نے شہداء کے لواحقین سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔دریں اثناء حریت فورم کے ترجمان نے میرواعظ عمرفاروق سمیت مزاحمتی رہنمائوں کی مسلسل نظر بندی اورسرینگر اور جنوبی کشمیر کے بیشتر اضلاع میں کرفیو اور پابندیوںکے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان ظالمانہ ہتھکنڈوںسے حریت پسند قیادت اور عوام کو اپنی منصفانہ جدوجہد سے ہرگز باز نہیں رکھا جاسکتا۔