صاف پانی کرپشن سکینڈل میں ملوث صوبائی وزیر زعیم قادری کی بیگم کا پاکستان سے فرار ہونے کا امکان

شہبازشریف کا داماد علی عمران پہلے ہی ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا اربوں روپے لوٹنے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں،سیاسی حلقوں کا مطالبہ

منگل 8 مئی 2018 20:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) صاف پانی کرپشن سکینڈل میں ملوث صوبائی وزیر مذہبی امور زعیم قادری کی بیگم کا نیب کے سامنے پیش ہونے کی بجائے ملک سے فرار ہونے کا امکان ہے،قادری کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ زعیم قادری اپنی بیگم کو پاکستان سے فرار کرانے کی کوشش میں ہیں تاکہ نیب کے سامنے ان کی بیگم کو تیکھے سوالات کا جواب نہ دینا پڑے۔

شہبازشریف نے لاہور کے غریب عوام کو صاف پانی فراہمی کا منصوبہ بنا کر من پسند خواتین کو اعلیٰ عہدے دیئے تھے،ان خواتین میں صوبائی وزیر مذہبی امور زعیم قادری کی بیگم بھی شامل ہے جنہیں لاکھوں روپے ماہانہ کی تنخواہ پر بھرتی کیا گیا تھا۔لاہور کی غریب عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے نام پر شہبازشریف مافیا نے اربوں روپے لوٹ لئے ہیں جبکہ غریب لاہوریوں کو ابھی تک ایک بوند پانی بھی نصیب نہ ہوسکی۔

(جاری ہے)

صاف پانی کرپشن تحقیقات نیب حکام کرنے میں مصروف ہیں جبکہ شہبازشریف کا داماد علی عمران پہلے ہی لندن فرار ہوچکا ہے،علی عمران کا شہبازشریف کا داماد بننے سے قبل بھائی لاہور کے علاقہ میں 3عدد دکانیں تھیں لیکن شہبازے کا داماد بننے کے بعد لاہور میں3عدد پلازے کا مالک ہے اور یہ دولت علی عمران کو خلائی مخلوق نے دی رکھی تھی،لیکن چیف جسٹس کے از خود نوٹس کے بعد اب اربوں روپے لوٹنے والے تحقیقات کا سامنا کرنے کی بجائے پاکستان سے فرار ہو رہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ زعیم قادری اسکی بیگم اور دیگر ملزمان کی ملک سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنانے کیلئے ان کے نام ای سی ایل میں فوری ڈالے جائیں۔