وفاقی وزیر داخلہ پر حملہ کرنے والوں نے عقیدہ ختم نبوت کی جدوجہد کرنے والوں کو نقصان پہنچایا ہے ، حافظ طاہر اشرفی

عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی تحریک پر امن تحریک ہے اور کسی فرد کو ختم نبوت کے نام پر تشدد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ،بیان

منگل 8 مئی 2018 21:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) انتہاء پسندی ، دہشت گردی کے خلاف سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہے ، وفاقی وزیر داخلہ پر حملہ کرنے والوں نے عقیدہ ختم نبوت کی جدوجہد کرنے والوں کو نقصان پہنچایا ہے ، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی تحریک پر امن تحریک ہے اور کسی فرد کو ختم نبوت کے نام پر تشدد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہی ، انہوں نے کہا کہ وفاق وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملہ کرنے والے نے عقیدہ ختم نبوت کی جدوجہد کو بھی نقصان پہنچایا ہے اور خواب کے نا م پر مقدس شخصیات کی بھی توہین کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خواب میں کوئی بھی مقدس اور محترم شخصیت کسی کے قتل کا حکم نہیں دے سکتی ، اسلام نے کسی ایک انسان کو قتل کرنے والے کو پوری انسانیت کا قاتل کہا ہے ، انسانیت کو قتل کرنے والے پر مقدس شخصیات کس طرح ہاتھ رکھ سکتی ہیں ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد انتہاء پسندی ،د ہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف ہے کاش حکومتوں نے پاکستان علماء کونسل کی آراء پر توجہ دی ہوتی اور قومی ایکشن پلان کو ملک میں مکمل نافذ کیا ہوتا تو آج حالات مختلف ہوتے ۔