کینن فوم چیلنج کپ ؛پری کوارٹر فائنل اور کوارٹر فائنل مرحلے کے ڈرازکا اعلان کردیا گیا

منگل 8 مئی 2018 21:07

کینن فوم چیلنج کپ ؛پری کوارٹر فائنل اور کوارٹر فائنل مرحلے کے ڈرازکا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) گولڈن سٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام جاری پہلے کینن فوم چیلنج کپ ون ڈے کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل اور کوارٹر فائنل مرحلے کے ڈراز کا اعلان کردیا گیا ۔ٹورنامنٹ کمیٹی کے پیٹرن انچیف شیخ محمد ابراہیم کی زیر صدارت ہونے والی ٹورنامنٹ کمیٹی کے اجلاس میں ڈراز کا اعلان کیا گیا ۔کمیٹی کے پیٹرن انچیف شیخ محمد ابراہیم نے ٹورنامنٹ کے پہلے دومراحل کے میچز کے کامیاب انعقاد پر کمیٹی کے اراکین کو مبارک باد دیتے ہوئے پری کوارٹر فائنل اور کوارٹر فائنل مرحلے کو شایان شان انداز میںکروانے کی ہدایت کی ۔

ان کا کہنا تھا کہ کینن فوم چیلنج کپ میں ٹیموں کو بہترین کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں خاص طور پر پی سی بی پینل امپائرز اور اسکور ر تمام میچز کو سپر وائز کر رہے ہیں اس کے ساتھ ایسٹ زون کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یہ ہورہا ہے کہ دونوں ٹیموں کو میچ کھیلنے سے قبل معلوم ہو تا ہے کہ ان کا اگلا میچ کس ٹیم سے اور کب ہو گا جس سے ٹیموں کو اپنی حکمت عملی تیار کرنے کا بہترین موقع میسر آتا ہے ۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میچز 10سے 13مئی تک اور کوارٹر فائنل مرحلے کے میچز 14اور 15مئی کو ہوں گے تمام میچز پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس گرائونڈز پر کھیلے جائیں گے ۔ٹورنامنٹ سیکرٹری شہبازعلی کے مطابق پری کوارٹر فائنل مرحلے کے پہلے میچ میںشائننگ کلب کا مقابلہ غالب سپورٹس سے ہو گا،دوسرے پری کوارٹر فائنل میں خان سپورٹس جلو جم خانہ کے مدمقابل ہوگی ۔

تیسرے پری کوارٹر فائنل میں میزبان گولڈن سٹار کا مقابلہ ینگ مغلپورہ جم خانہ سے ، چوتھے پری کوارٹر فائنل میں مسلم آباد جم خانہ کا مقابلہ ینگ لکی سٹار کلب سے ، پانچویں پری کوارٹر فائنل میں دھرمپورہ جم خانہ کامقابلہ قذافی کلب سے ،چھٹے پری کوارٹر فائنل میں سروس کلب کا مقابلہ عامر میموریل سے ، ساتویں پری کوارٹر فائنل میں باغبانپورہ ایگلٹس اور مغل پورہ جم خانہ جبکہ آٹھویں اور آخری پری کوارٹر فائنل میں گڑھی شاہو جم خانہ کا مقابلہ کینٹ جم خانہ اورامپیریل کلب کے میچ کی فاتح ٹیم سے ہو گا ۔

کوارٹر فائنل مرحلے میں پہلے پری کوارٹرفائنل کی فاتح ٹیم چوتھے پری کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ،دوسرے کوارٹر فائنل میں آٹھویں پری کوارٹر فائنل میچ کی فاتح ٹیم دوسرے پری کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے کھیلے گی ۔تیسرے کوارٹر فائنل میں چھٹے پری کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم تیسرے پری کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے مقابلہ کرے گی جبکہ چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں ساتویں پری کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم پانچویں پری کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے مقابلہ کرے گی ۔