Live Updates

سینیٹر الیاس احمد بلور کا عمران خان کے 11 نکاتی ایجنڈے پر شاہ محمود قریشی ،ْ جہانگیر ترین اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کو مناظرے کا چیلنج

گیارہ نکاتی ایجنڈا سراسر دھوکہ اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے،بیان

منگل 8 مئی 2018 21:30

سینیٹر الیاس احمد بلور کا عمران خان کے 11 نکاتی ایجنڈے پر شاہ محمود قریشی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور ملک کے سینئر پارلیمنٹرین سینیٹر الیاس احمد بلور نے عمران نیازی کے 11 نکاتی ایجنڈے پر شاہ محمود قریشی ،ْ جہانگیر ترین اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کو مناظرے کا چیلنج دیا ہے اور کہا ہے کہ عمران نیازی کا 11 نکاتی ایجنڈا سراسر دھوکہ اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔

ایک بیان میں ملک کے سینئر پارلیمنٹرین اور ممتاز صنعتکار سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہاکہ عمران نیازی اور ان کی حکومت خیبر پختونخوا کے چھوٹے چھوٹے مسائل حل نہیں کرسکے تو پاکستان کی سطح پر ملک اور قوم کے لئے کیا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے خیبر پختونخوا کے عوام کو تبدیلی کے نام پر جو دھوکے دیئے ہیں اور ان کے ووٹوں کی جس طرح تذلیل کی ہے وہ پوری قوم جانتی ہے اور گیارہ نکاتی ایجنڈے کا ڈرامہ رچا کر عوام کو بے وقوف بنانے کی بھونڈی کوشش کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہاکہ شاہ محمود قریشی ،ْ جہانگیر ترین اور پرویز خٹک جس جگہ اور جب بھی مجھ سے ان نکات پر مناظرہ کرنے چاہیں تو وہ اس کے لئے تیار ہیں اور وہ عمران نیازی کے ان 11نکات کا ایسا جواب دیں گے جس کے بعد وہ کبھی بھی کسی ایک نکتے کی بنیاد پر عوام کو دھوکہ دینے کے قابل نہیں رہیں گے۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ کو میگا پراجیکٹ کی بجائے عوام کو اذیت دینے اور پشاور شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے کا بدترین منصوبہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس منصوبہ سے ہماری آئندہ نسلیں بھی متاثر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بی آر ٹی منصوبہ چھ ماہ میں مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن کمشن خوری اوربزنس کمیونٹی اور عوام کو اذیت سے دوچار کرنے کے عادی جھوٹے وزیراعلیٰ نے اپنی ناکامیوں اور ناتجربہ کاری چھپانے کے لئے بی آر ٹی میں تاخیر کا ذمہ دار افسران کو ٹھہرا کر سارا ملبہ اُن پر ڈال دیا ہے اور اب اس منصوبہ کی تکمیل 6 ماہ کی بجائے 8 ماہ میں مکمل کرنے کا اعلان کیا جا رہا ہے جوکہ حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اینڈ کمپنی کو جھوٹ بولتے ہوئے شرم بھی نہیں آتی کہ وہ اپنی کئی ہوئی بات سے مکر جاتے ہیں اور یوٹرن لے لیتے ہیں۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک 29 مئی سے پہلے بسیں منگوانا چاہتے ہیں تاکہ اُنہیں حکومت کے ختم ہونے سے پہلے کمشن مل جائے چاہے عوام کو ریلیف ملے نہ ملے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ میں سڑکوں کی کشادگی اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے کوئی مناسب انتظامات نہیں کئے جا رہے ہی اور صرف جنگلہ بس کے لئے روٹ بنائے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے جگہ جگہ ٹریفک جام رہتا ہے ۔

انہوں نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے اپیل کی ہے کہ وہ اس منصوبے میں پائی جانیوالی بے قاعدگیوں کا نوٹس لیں اور بزنس کمیونٹی اور عوام کو ریلیف دلائیں ۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ کی وجہ سے پشاور کے تاجروں اور دکانداروں کو ہونیوالے نقصانات کے ازالے اور انہیں آئندہ تین سال کیلئے صوبائی ٹیکسوں سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات