سرگودھا ،شہریوں نے سیوریج اور گندگی کے مسائل حل نہ ہونے کے خلاف احتجاجی بینرز آویزاں کردئیے

منگل 8 مئی 2018 21:46

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) شہریوں نے مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی اور میئر سرگودھا کی جانب سے سیوریج اور گندگی کے مسائل حل نہ ہونے کے خلاف احتجاجی بینرز آویزاں کردئیے۔ سرگودھا میں سیوریج اور گندگی کے مسائل روز بروز گھمبیر ہوتے جارہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی اور میئر کی جانب سے صدیق آباد، نئی آبادی کوٹ فرید، منظور ٹائون سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں کئی سالوں سے سیوریج اور دیگر مسائل کے حل کیلئے کہا جارہا ہے مگر عملی طور پر کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

(جاری ہے)

دس ماہ قبل بھی ڈسپوزل ورک بنانے کا کام شروع کیا گیا مگر تاحال اسکو مکمل نہ کیا گیا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے۔ جبکہ سیوریج کے پائپ بھی گلیوں کے کنارے موجود ہیں۔جس سے اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسائل حل نہ ہونے پر اہل علاقہ نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں، میئر ملک اسلم نوید، چئیرمین محمد اقبال سمیت دیگر کے خلاف احتجاجی بینرز آویزاں کرتے ہوئے ان کے چہروں پر کاٹے کا نشان لگا کر پیغام دیا گیا ہے کہ آئندہ الیکشن میں انکو مسترد کرتے ہیں اور گندگی اور سیوریج کے مسائل حل نہ کرنے پر انکو ان علاقوں سے کوئی بھی ووٹ نہیں دیا جائے گا۔