احسن اقبال پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے،احسن اقبال ایک سنجیدہ اور بردبار سیاستدان ہیں ان پرحملہ پارلیمنٹ پر حملہ ہے،بیگم سیماجیلانی

ایسے اقدامات میںکسی بھی سیاسی جماعت کیلئے انتخابی مہم چلانا انتہائی مشکل ہوکررہ جائے گا، مسلم لیگی رہنما و رکن قومی اسمبلی

منگل 8 مئی 2018 21:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سنیئر رہنما ورکن قومی اسمبلی بیگم سیماجیلانی نے وزیرداخلہ احسن اقبال پرقاتلانہ حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایسے اقدامات میں کسی بھی سیاسی جماعت کیلئے انتخابی مہم چلانا انتہائی مشکل ہوکررہ جائے گا،ہمیں ملک میں اتحاد کی فضاء کو برقراررکھناہوگا۔

انہوں نے کہاکہ احسن اقبال ایک سنجیدہ اوربردبار سیاستدان ہیں اور ملک کے وزیرداخلہ ہیں ان پر حملہ پارلیمنٹ پر حملہ ہے،حملے کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایاجائے اور اس کی تحقیقات کی جائے کہ آیا یہ حملہ کیوں اور کس کی ایماء پر کیاگیا تاکہ پورا نیٹ ورک بے نقاب ہواورآئندہ کوئی ایسا سانحہ رونما نہ ہوسکے،ہم اس گھڑی میں احسن اقبال کی تکلیف میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گوہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔

(جاری ہے)

بیگم سیماجیلانی نے مزید کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اپنے گذشتہ پانچ سالوں میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا،ملک سے لاقانونیت ،دہشتگردی کاخاتمہ کرکے امن و امان کی فضا کو بہتر بنایا لیکن ایک بارپھر شرپسند عناصر ملک میں انتشارپھیلاناچاہتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ احسن اقبال کا شمار پاکستان کے لائق اور ہونہار لوگوں میں ہوتا ہے،جنہوں نے اپنی تمام تر صلاحتیں پاکستان کیلئے وقف کررکھی ہیں گذشتہ پانچ سالوں میں جنہوںنے ملکی ترقی اور میاںنوازشریف کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں کلیدی کرداراداکیا ہے۔