آزادکشمیراحتساب بیورو نے ماہ اپرئل 2018 کے دوران242 مقدمات کو بعد از انکوائری و تفتیش نمٹا دیا

منگل 8 مئی 2018 22:08

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) آزاد جموں وکشمیراحتساب بیورو نے ماہ اپرئل 2018 کے دوران242 مقدمات کو بعد از انکوائری و تفتیش نمٹا دیا۔ترجمان کے مطابق احتساب بیورو میں ماہ اپریل تک سابقہ زیرکار مقدمات کی تعداد1284تھی جبکہ ماہ اپرئل کے دوران102 مزید شکایات وصول کی گئیں اس طرح مجموعی طور پر مقدمات کی تعداد 1386 ہوگئی۔

ان مقدمات میں سے 681مقدمات شعبہ شکایات جبکہ 737 مقدمات تفتیش کیلئے شعبہ انوسٹی گیشن میں زیرکار رہے ہیں۔اس طرح 242 مقدمات کے یکسو ہونے کے بعد اس وقت احتساب بیورو میں زیرکار مقدمات کی تعداد1176ہے۔یکسو کئے جانے والی242 مقدمات میں اکثر پر شاکیان کی داد رسی بھی ہونا پائی گئی ہے۔محکمہ تعلیم میں ہونے والی تقرریوں میں شاکی کو میرٹ پر ہونے کے باوجود نظر انداز کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

احتساب بیورو کی مداخلت کی وجہ سے محکمہ تعلیم کوٹلی نے شاکی عدنان رمضان کی تقرری عمل میں لائی ۔اسطرح محکمہ تعلیم میں محمد یوسف نامی ایک ملازم 302 قتل کا ملزم ہونے کے باوجود تنخواہ اور دیگر مراعات حاصل کر رہا تھا احتساب بیورو کی مداخلت کی وجہ سے محکمہ حسابات نے ملزم مذکور کی تنخواہ اور مراعات روک دیں۔ اس کے علاوہ محکمہ تعلیم سکولز ضلع پونچھ میں احتساب بیورو کی مداخلت کی وجہ سے 04 معلمات کی تقرریاں عمل میںلائی گئیں۔

نیز ماہ اپرئل2018 کے دوران 01 ریفرنس بھی احتساب کورٹ مظفرآباد میں دائر کیا گیا ۔رواں سال میںاس وقت تک احتساب بیورو کی جانب سے مختلف زیرکار مقدمات میںلاکھوں روپے کی ریکوری بھی عمل میں لائی گئی۔زیرکار مقدمات کی جلد از جلد ڈسپوزل کیلئے جناب چیئرمین نے روزانہ بنیادوں پر کام کی پراگرس طلب کرتے ہوئے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔علاوہ ازیں احتساب بیورو اربوں روپے کے جاریہ منصوبہ جات کی مانیٹرنگ بھی کر رہا ہے اور احتساب بیورو کا ٹیکنیکل اور لیگل سٹاف ہمہ وقت جناب چیئرمین کی ہدایات کے مطابق روزانہ بنیادوں پر پراگرس رپورٹ پیش کرتا ہے۔جس سے کام کی رفتار میں بہتری اور شفافیت کا مثبت عمل سامنے آئے گا اور مستقبل میں کرپشن اور بدعنوانی میں کمی واقع ہو گی۔

متعلقہ عنوان :