آل پاکستان میجر میر بادشاہ محسود میموریل فٹبال ٹورنامنٹ ،پاکستان اسٹیل مل نے لکی مروت کلب کو شکست دیدی

منگل 8 مئی 2018 21:19

آل پاکستان میجر میر بادشاہ محسود میموریل فٹبال ٹورنامنٹ ،پاکستان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) شاہین صابر فٹبال کلب ٹانک (کے پی کے )میں جاری آل پاکستان میجر میر بادشاہ محسود میموریل فٹبال ٹورنامنٹ میں کراچی کی پاکستان اسٹیل مل نے لکی مروت فٹبال کلب کو باآسانی3-1 سے شکست دیکر سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ کوارٹر فائنل میں معرکہ میں پاکستان اسٹیل مل کراچی کا سامنا لکی مروت فٹبال کلب کی ٹیم سے جس میں پاکستان اسٹیل کی ٹیم نے ناصر کے دو گول اور طارق کے ایک گول کی بدولت 3-1سے کامیابی حاصل کرکے فائنل فور میں سیٹ کنفرم کرالی ۔

کھیل کے پہلے ہاف میں پاکستان اسٹیل کی طرف سے ناصر نے 17ویں منٹ میں گول بناکر اپنی ٹیم کو میچ میں1-0 کی برتری دلوادی۔ایک گول کے خسارے کے بعد لکی مروت ایف سی نے میچ میں واپس آکر پاکستان اسٹیل کے گول پر دبائو بڑھایا اور گول برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی جس کے نتیجے میں پہلے ہاف کے 30ویں منٹ میں لکی مروت ایف سی کی طرف سے خان نے گول اسکور کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔

(جاری ہے)

پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستان اسٹیل مل کراچی اور لکی مروت فٹبال کلب کی ٹیمیں ایک ایک گول سے برابری پر میدان سے باہر آئیں۔ دوسرے ہاف میں بھی پاکستان اسٹیل کے کھلاڑیوں نے اپنے عمدہ کھیل کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے لکی مروت ایف سی کے گول پر حملے کئے ۔ دوسرے ہاف کے 49ویں منٹ میں پاکستان اسٹیل کی جانب سے دوسرا گول ناصر نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر2-1 سے سبقت دلوادی۔

کھیل کی78 ویں منٹ میں پاکستان اسٹیل کی جانب سے میچ کا تیسرا گول طارق نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں3-1 سے سرخروکردیا۔ دو گول کے خسارے کے بعد لکی مروت ایف سی کی ٹیم کوئی گول اسکور نہ کرسکی،ریفری کی اختتامی وسل پر پاکستان اسٹیل مل کراچی نے 3-1سے کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل کا ٹکٹ کنفرم کرالیا۔ میچ کے ریفری ایوب ، ڈپٹی ریفری ماجد، افضل اور میچ کمشنر محمد عثمان عثمانی تھے۔