ْ آل کراچی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو فٹبال ٹورنامنٹ،گلشن اسپورٹس سیمی فائنل میں پہنچ گئی

منگل 8 مئی 2018 21:19

ْ آل کراچی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو فٹبال ٹورنامنٹ،گلشن اسپورٹس سیمی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن ملیر کے زیراہتمام مظفر آباد اسٹیڈیم لانڈھی میں جاری آل کراچی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو فٹبال ٹورنامنٹ میں گلشن اسپورٹس نے جلال مراد ملیر کو ایک سخت مقابلے کے بعد پنالٹی ککس پر 4-3سے ہراکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔ میچ مقررہ وقت میں بغیر کسی گول کے برابر رہا ۔

مظفر آباد اسٹیڈیم لانڈھی میں گلشن اسپورٹس اور جلال مراد ملیر کی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں ایک دوسرے کے معد مقابل آئیں۔ پہلے ہاف میں گلشن اسپورٹس اور جلال مراد ملیر کے فاروڈز کو گول کرنے کے نصف درجن مواقع ملے، لیکن فاروڈز کی غلط نشانہ بازی کی وجہ سے کوئی گول اسکور نہ کیا جاسکا۔ہاف ٹائم میں دونوں ٹیموں بغیر کسی گول کے برابر رہنے کے بعد میدان سے واپس آئیں۔

(جاری ہے)

دوسرے ہاف کے آغاز سے قبل مہمان خصوصی ڈی ایف اے ملیر کے نائب صدر اور ملیر ریفری ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رفیق بلوچ تھے۔ جن کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا،اس موقع پر ان کے ساتھ اکرم خان، غوث بخش، فضل بلوچ، عطاء اللہ خان، رسول بخش لالہ، سائیں خالق، امتیاز ملیر نیشنل ودیگر موجود تھے۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے فاروڈز نے جلدبازی میں گول ضائع کرکے اپنی اپنی ٹیموں کو میچ میں برتری حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔

دونوں ٹیموں کے گول کیپر زاور دفاعی پلیئرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے شائقین فٹبال سے زبردست داد وصول کی۔ ریفری کی اختتامی وسل پر دونوں ٹیموں بغیر کسی گول کے برابر ہونے کے بعد منتظمین نے دونوں ٹیموں کو پانچ ،پانچ پنالٹی ککس ایوارڈ کیں۔ جس میں گلشن اسپورٹس نے جلال مراد ملیر کی ٹیم کو4-3 سے ہراکر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔میچ کے ریفری فرید خان، ڈپٹی ریفریز خالد جمی، محمد اکرم، میچ کمشنر محمد حنیف تھے۔