Live Updates

پی پی اور پی ٹی آئی کے مسلح تصادم سے ان دونوں جماعتوں کا چہرہ کراچی والوں کے سامنے کھل کر سامنے آگیا ہے،

مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن سیاست میں گالی کلچر کو فروغ دینے والے سمجھتے ہیں کہ وہ غنڈہ گردی کے ذریعہ کراچی پر قبضہ کرلیں گی ، دونوں جماعتیں کراچی پر حکمرانی کا خواب دیکھ رہی ہیں، ایک سازش کے تحت پرامن کراچی کوبدامنی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے، عبدالرحیم اعوان، مہناز اختر

منگل 8 مئی 2018 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر،نائب صدر حاجی شاہجہان،جوائنٹ سیکرٹری نورخان اخوندزادہ، لیبرونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان اور شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر مہنازاختر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے مسلح تصادم سے ان دونوں جماعتوں کا چہرہ کراچی والوں کے سامنے کھل کر سامنے آگیا ہے ۔

سیاست میں گالی کلچر کو فروغ دینے والے سمجھتے ہیں کہ وہ غنڈہ گردی کے ذریعہ کراچی پر قبضہ کرلیں گی ۔دونوں جماعتیں کراچی پر حکمرانی کا خواب دیکھ رہی ہیں، ایک سازش کے تحت پرامن کراچی کوبدامنی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔،پولیس دونوں پارٹیوں کے تصادم میں ملوث رہنماؤں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے انہیں گرفتار کرے ۔

(جاری ہے)

منگل کو جاری بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ کراچی کا امن میاں نواز شریف اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کے مرہون منت ہے ۔30سال سے شہر پر چھائے خوف کے بادل چھٹ گئے ہیں لیکن پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے ایک مرتبہ پھر کراچی کو بدامنی کی آگ میں جھونکنے کی کوشش کی ہے ۔یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ دونوں جماعتیں خود کو قومی سطح کی جماعتیں قرار دیتی ہیں لیکن ان میں اتنا سیاسی شعور نہیں ہے کہ کسی عوامی اجتماع کے لیے مناسب مقام کا انتخاب کرسکیں ۔

انہوںنے کہا کہ ایک ہی وقت اور ایک ہی مقام پر جلسہ کرنے کی ضد ان دونوں جماعتوں کی غیر سنجیدگی کو ظاہرکرتا ہے ۔گلشن اقبال کے شہید حکیم سعید گراؤنڈ کو جس طرح اکھاڑہ بنایا گیا اس سے شہید کراچی حکیم محمد سعید کی روح بھی تڑپ اٹھی ہوگی ۔انہوںنے کہا کہ ماضی میں کراچی کو لسانی سیاست نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور اب پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کی غنڈہ گردی کراچی شہر کا چہرہ مسخ کررہی ہے ۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ شکست سے خوف زدہ عناصر الیکشن سے فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں اور تصادم کے ذریعہ خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔مسلم لیگ (ن) کے کارکن عوام کے ساتھ مل کر ایسی سازشوں کو ناکام بنادیں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات