پریس کلب گوجرخان کی نشاندہی ، این ایچ اے کا گوجرخان انڈر پاس پر بڑھتی ہوئی تجاوزات کا نوٹس،کاروائی کا آغاز کردیا

منگل مئی 22:33

گوجرخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) پریس کلب گوجرخان کی نشاندہی پر این ایچ اے کا گوجرخان انڈر پاس پر بڑھتی ہوئی تجاوزات کا نوٹس، ڈائریکٹر این ایچ اے حسن شفقات اور ڈپٹی ڈائریکٹر ارشد عباس نے گوجرخان انڈر پاس پر بڑھتی ہوئی تجاوزات ، انڈر پاس کے داخلی و خارجی راستوں پر بنی دوکانوں پر ماسٹر پلان سے ہٹ کر کی گئی تجاوزات کے خاتمے کے لئے باقاعدہ لیٹر نمبر (Maint) - RWP / NHA /18/7863 لکھ کر کاروائی کا آغاز کیا ، قومی شاہراہ پر گوجرخان میں انڈر پاس کے لئے تیس سال کے لئے لیز پر جگہ بشارت اینڈ کمپنی نے جنرل مشرف کے دور میں حاصل کی ، ٹھیکیدار منظور شدہ نقشے و ماسٹر پلان کے تحت منظور 60دوکانوں کا سالانہ پانچ لاکھ اڑتالیس ہزار روپے این ایچ اے کو ادا کر رہا ہے ، جبکہ نقشے سے ہٹ کر 70سے زائد قائم کھوکھے و کارنر شاپس کا ماہانہ لاکھوں روپے کرایہ الگ سے وصول کیا جا رہا ہے ، جس کا ریکارڈ میں کہیں ذکر نہیں ہے ، مبینہ ذرائع کے مطابق انڈر پاس کے کنٹریکٹر راجہ بشارت اپنی فیملی کے ساتھ کنیڈا میں مقیم ہیں ، تیس سے پینتیس ہزار کنیڈین ڈالر ماہانہ کنیڈا منتقل کرتے ہیں اور وہاں مختلف کاروبار میں انویسٹ کرتے ہیں ، ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے ارشد عباس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گوجرخان انڈر پاس کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ نقشے سے ہٹ کر بنے کھوکھے اور شیڈ کسی صورت بھی برداشت نہیں کئے جائیں گے انڈر پاس پر تجاوزات کے سبب خواتین و بزرگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، ہم قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائیں گے اور کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کریں گے ،انڈر پاس پر اگر آپ کو کھوکھا لگانے کیلئے کوئی بلیک میل کرتا ہے تو ہمیں آگاہ کریں ہم اس کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائیں گے، این ایچ اے سے منظور شدہ نقشے سے ہٹ کر بنائی گئی دوکانیں و کھوکھے گرا دیں گے ، انہوں نے ٹھیکیدار بشارت کو انڈرپاس کے داخلی و خارجی راستوں کی سیڑھیوں پر لگے بجلی کے کنکشنز و جوتوں اور کپڑوں کی دوکانوں کو فوری طور پرہٹانے کے احکامات جاری کئے ، این ایچ اے حکام کے انڈر پاس معائنے کے دوران شہر کی سیاسی سماجی شخصیات و جنرل کونسلرز بھی موقع پر پہنچ گئے ، انڈرپاس کے ٹھیکدار راجہ بشارت نے کہا کہ انڈر پاس پر بڑھتی تجاوزات سے ہمارا کوئی عمل دخل نہیں ، ٹی ایم اے کے انسپکٹر کو بلا کر تجاوزات کرنے والوں کو بھاری جرمانے کئے جاتے ہیں ، ہمیں چند مقامی صحافی انڈرپاس پر جگہ کے حصول و کھوکھا لگانے کے لئے بلیک میل کرتے ہیں ، جس پر گوجرخان پریس کلب کے عہدیدارنے کہا کہ آپ پریس کانفرنس کر کے بلیک میل کرنے والے صحافیوں کے نام سامنے لائیں ،ٹی ایم اے کے انسپکٹر تجاوزات فیض اللہ ملک نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران صرف دس سے بارہ ہزار روپے جرمانہ انڈر پاس پر تجاوزات کرنے والے دوکانداروں پر کیا ہے ، انڈر پاس پرا ین ایچ اے کے حکام کے معائنے کے دوران مقامی خواتین نے کہا کہ تجاوزات کے سبب انڈر پاس سے گزرنا محال ہو چکا ہے، سیڑھیوں اور داخلی خارجی راستوں پر موبائل فونز میں گانے و فلمیں بھرنے والوں نے ٹھیکدار کی رضا مندی سے ڈیرے جما رکھے ہیں، این ایچ اے حکام اس کے خاتمے کے لئے اپنا کردارادا کریں ۔