پشاور،نجی سیکٹرکے اکائونٹس منجمدکرناعوامی مفادمیں نہیں،پین

یہی حال رہا تو آئندہ چند مہینوں نجی سکولز بندہوناشروع ہو جائینگے،انس تکریم

منگل 8 مئی 2018 22:34

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء)پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک(PEN)کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سیدانس تکریم کاکاخیل نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کوعوام کی پذیرائی اور ایم ڈی ریگولیٹری اتھارٹی کے سکولزکے اکائونٹس منجمد کرنے کی کوشش میں پرائیویٹ سیکٹرکے مسائل اور مجبوریوں کونظرانداز کیاجارہاہے جوکہ عوامی مفاد میںنیک شگون نہیں،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کسی بھی پرائیویٹ سکول کی 67فیصد آمدنی تنخواہوں کی مد میں جاتی ہے اس کے علاوہ بلڈنگ کے بھاری بھرکم کرایوں اوردیگر اخراجات برداشت کرنا مناسب فیس لینے والے سکولزکے لئے ایک بہت بڑا ایشو بن گیاہے، حکومت اورریاست نے عوام کی توجہ سرکاری سکولوں کی ناقص کارکردگی سے ہٹا کر پرائیوٹ سکولز کی طرف کرلی ہے اور سرکاری سکولوں کو بہترکرنے کے بجائے ریگولیٹری اتھارٹی کے ذریعے پرائیویٹ سیکٹر کو بگاڑناشروع کرلیاہے، یہی حال رہا تو آئندہ چند مہینوں میں ہزاروں کی تعداد میں نجی سیکٹر بندہوناشروع ہو جائینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نجی سیکٹر نے حکومت کے ساتھ بہت بڑا بوجھ اٹھایا ہوا ہے حکومت کو آئندہ مہینوں کے لئے مضبوط حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے، نجی سیکٹر اگر بحران کی شکار ہوا تو حکومت کے پاس نعم البدل یا متبادل منصوبہ بندی ہونی چاہئے ورنہ ہماراپسماندہ صوبہ شدید بحران کا شکار ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے موجودہ پالیسی میں چل نہیں پائینگے اور مجبورا ادارے بندہوناشروع ہونگے۔