کوہاٹ انڈس ہائی وے پر لاچی کے قریب پولیس کی کاروائی میں مسافر کوچ سے لاکھوں مالیت کی منشیات برآمد

منگل 8 مئی 2018 22:34

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) کوہاٹ انڈس ہائی وے پر لاچی کے قریب کاروائی میں مسافر کوچ سے لاکھوں مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔چیکنگ کے دوران پولیس نے منشیات کے بین الاضلاعی سمگلر کو چرس اور ہیروئن کی بھاری کھیپ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔قبائلی علاقہ خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے منشیات سمگلر کو پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان جانیوالی مسافر کوچ سے حراست میں لیا گیا ہے۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ لاچی طاہر نواز نے اے ایس آئی ولی بت اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ کے قریب ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کررکھی تھی کہ اس دوران پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان جانیوالی ایک مسافر فلائنگ کوچ کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

تلاشی کے دوران پولیس نے کوچ میں سوار قبائلی علاقہ خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے منشیات کے بین الاضلاعی سمگلر قدرت ولی ولد محمد عمر کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے چار کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور 150 گرام ہیروئن برآمد کرلی ۔پولیس نے منشیات سمیت حراست میں لئے گئے بین الاضلاعی سمگلر کو تھانہ لاچی منتقل کردیا جہاں انکے خلاف منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں ملزم نے منشیات خیبر ایجنسی سے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کو سمگل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔