خواتین کو حقوق دیئے بغیر کوئی بھی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتی، رابعہ ستار

منگل 8 مئی 2018 22:37

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کی خاتون رہنما رابعہ ستارنے کہا ہے کہ اے این پی ہمیشہ سے خواتین اور مردوں کی برابری پر یقین رکھتی ہے اور خواتین کوعملی سیاست میں کردار ادا کرنے کیلئے تیار کرنے کا سہرا فخر افغان باچاخانؒ کے سر ہے جنہوں نے خدائی خدمتگار تحریک کے ذریعے خواتین کو میدان عمل میں نکلنے کی تعلیم دی،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں خواتین کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے ‘ خواتین کو حقو ق دئیے بغیر کوئی بھی معاشرہ اور ملک ترقی نہیں کر سکتا ‘ عوامی نیشنل پارٹی شروع دن سے ہی صنفی امتیاز کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے ‘ انہوں نے کہاکہ اے این پی نے اپنے دور حکومت میں خواتین کی فلاح وبہبود کیلئے مختلف منصوبے شروع کئے جن کے ثمرات کے باعث آج خواتین نہ صرف اپنے پیرو ں پر کھڑی ہیں بلکہ معاشرے کی ایک فعال اکائی کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہیں ‘ انہوں نے کہا کہ اے این پی نے اپنے دور میں جو اہم کارنامے انجام دیئے ہیں اُن سے خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے میں خاطر خواہ کامیابی ملی ‘ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اگر اپنے حقوق کیلئے مردوں کے شانہ بشانہ کام کریں تو نہ صرف ترقی کی راہیں کھلیں گی بلکہ ایک مثالی معاشرہ کی تشکیل بھی ممکن ہو سکے گی ‘ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو مردوں کے برابر حقوق دیئے ہیں ‘ اور یہی وجہ ہے کہ خواتین نے ہر دو ر میں اے این پی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے ‘ انہوں نے کہا کہ خواتین کو حقوق دیئے بغیر کوئی بھی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتی ‘ اس لئے اے این پی تنظیمی سطح پر خواتین کو زیادہ سے زیادہ نمائندگی دیتی ہے ‘ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ پختون قوم کے بہتر مستقبل کیلئے پارٹی قائد اسفندیار ولی خان اور اے این پی کے ہاتھ مضبوط کریں ۔

متعلقہ عنوان :