متحدہ ٹریڈ یونین سخاکوٹ نے شٹرڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کی کال واپس لے لی

منگل 8 مئی 2018 22:37

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) متحدہ ٹریڈ یونین سخاکوٹ نے بجلی لوڈشیڈنگ اور پرمٹ کے نام پر بجلی بندش کے خلاف شٹرڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کی کال واپس لے لی ۔آل پارٹیز ، واپڈ ا درگئی اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ۔ ملاکنڈ میں نجی کارخانوں کو بجلی لائن فراہمی کے لئے پرمٹ کے نام پرکئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جاتی ہے جس کے خلاف متحدہ ٹریڈ یونین سخاکوٹ کی کال پر پورے ملاکنڈ میں 10مئی کو مکمل شٹر ڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا ۔

اس سلسلے میں تحصیل کونسل ہال درگئی میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر درگئی محمد عارف خان ، پی پی پی کے ممبر صوبائی اسمبلی سید محمد علی شاہ باچہ ، متحدہ ٹریڈ یونین سخاکوٹ کے صدر حمید خان لالا ، جمعیت علماء اسلام کے ضلعی آمیر و سابق سنیٹر صاحبزادہ خالد جان ، تحصیل ناظم درگئی عبد الرشید بھٹو ، ممبران ضلع کونسل حاجی اکرم خان ،فرید الله چیئرمین، حاجی محمد طیب ، اسماعیل خان ، تحصیل نائب ناظم حاجی اعظم خان ، احسان الله ،پی ٹی آئی کے ممبر تحصیل کونسل حاجی افتخار خان ،پختونخواہ اولسی تحریک کے مکرم خان صبا ، درگئی ٹریڈ یونین کے صدر اسفندیار خان ، نائب صدر سیف الله شہاب ،حاجی نواب خان ،حاجی آمیر زمان ، قومی وطن پارٹی کے تحصیل جنرل سیکرٹری محمد دیار خان ،عوامی نشنل پارٹی کے عمر محمد لالا سمیت محکمہ واپڈا درگئی کے ایکسئین شیر آمان ، ایکسئین تحت بھائی فیاض خان ، ایس ڈی او فرمان خان ، وہاب گل ، آمیر محمد اور گرڈ انچارج فرمان علی سمیت دیگر اہلکار وں نے شرکت کی جبکہ اس سے قبل جمعیت علماء اسلام کے ضلعی آمیر صاحبزادہ خالد جان کے رہائش گاہ پر آل پارٹیز کانفرنس منعقدہوا جس میں 10مئی کو شٹرڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ خالد جان کے زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس میں جماعت اسلامی کے ضلعی آمیر مولانا جمال الدین ، جمعیت علماء اسلام کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا سلمان تاثیر خان ، مولانا شمس الحق ، حاجی شاکر الله ، مولانا جاوید خان ، ناظم مکرم شاہ ، ساجد حسین مشوانی اور مسلم لیگ ن کے حاجی ایصال خان سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور منتخب ممبران نے شرکت کی۔

تحصیل کونسل ہال درگئی میں منعقدہ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ نجی کارخانوں کو بجلی لائن دینے کے لئے پرمٹ کے نام پر مہینے بھر کئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جاتی ہے جس سے کاروبار زندگی بُری طرح متاثر ہو چکی ہے جبکہ گرمی میںلوگوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ماہ رمضان میں کسی قسم کی پرمٹ ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور لنک گر اکر بجلی بندش برداشت نہیں کرینگے بصورت دیگر 10مئی کو پورے ملاکنڈ میں شٹرڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کی جائیگی جس میں کسی بھی نقصان کی ذمہ داری واپڈا درگئی پر ہو گی کیونکہ ملاکنڈ میں تین بجلی گھر ہیں لیکن اس کے باوجود بھی یہاں کے عوام اور تاجر بجلی کے حصول کے لئے ترس رہے ہیں ۔

اس دوران سیاسی جماعتوں کے قائدین ، انتظامیہ اور محکمہ واپڈا درگئی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر درگئی محمد عارف خان نے کہا کہ ماہ رمضان میں کسی قسم کی پرمٹ نہیں جائیگی جبکہ رمضان کے بعد لوڈشیڈنگ بھی شیڈول کے مطابق کی جائیگی ۔ انہوں نے ہدایت کی واپڈ ا درگئی کے اہلکار اپنی ڈیوٹی یقینی بنائیں تاکہ عوام کو مسائل کا سامنا نہ ہوں ۔ اسسٹنٹ کمشنر درگئی اور محکمہ واپڈا درگئی کے حکام کی جانب سے یقین دہانی کے بعد متحد ہ ٹریڈ یونین کے صدر حمید خان لالا نے دس مئی کے شٹرڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان واپس لے لیا اور کہا کہ ہم پُر آمن لوگ ہیں اور کسی صورت ملک و قوم کا نقصان نہیں چاہتے اس لئے ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے ۔