Live Updates

بلدیہ سرگودھا خود قانونی شکنی کی مرتکب

حکومتی پابندی و تحفظ ماحولیات ڈیپارٹمنٹ کی وارننگ کے باوجود شہر میں کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے کا سلسلہ بدستور جاری

منگل 8 مئی 2018 23:20

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) بلدیہ سرگودھا جہاں خود قانونی شکنی کی مرتکب ہو رہی ہے وہاں حکومتی احکامات پر مجموعی عملدرآمد خواب بن کر رہ گیا ہے اور حکومتی پابندی و تحفظ ماحولیات ڈیپارٹمنٹ کی وارننگ کے باوجود شہر میں کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، یہ امر ڈویژنل و ضلعی حکام کے ساتھ ساتھ بلدیاتی نمائندوں کیلئے بھی لمحہ فکریہ ہے کہ شہر میں فضائی آلودگی کی الارمنگ صورتحال پر جاری حکومت کے احکامات پر عملدرآمد گزشتہ ڈیڑھ سال سے ان کی عدم توجہی کا شکار ہو کر رہ گیا ہے ، جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بلدیہ ملازمین کا اندرون آبادیوں سے جمع کیا جانیوالا کوڑا کرکٹ شہر سے باہر ڈمپنگ پوائنٹ میں گرانے کی بجائے اسے آگ لگانا بدستور معمول بنا ہوا ہے ،اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کا چیک اینڈ بیلنس ہے اور نہ ہی افسران انہیں منع کرتے ہیں، ذرائع کے مطابق ڈمپنگ پوائنٹس تک کوڑا کرکت پہنچانے کیلئے روزانہ لاکھوں روپے کا پیٹرول بھی نکلوایا جاتا ہے مگر گاڑیاں اندرون شہر ہی گھومتی پھرتی دکھائی دیتی ہیں، لگ بھگ 80سے زائد مقامات پر انہوں نے خود ہی پوائنٹس بنا رکھے ہیں، جہاں کوڑا کرکٹ کو آگ لگا دی جاتی ہے ،جس سے اٹھنے والا دھواں شہریوں کی صحت پر انتہائی مضر اثرات مرتب کر رہا ہے ،بلدیہ کے سیاسی نمائندں کے اثر ورسوخ کی وجہ سے تحفظ ماحولیات صرف کاغذی کاروائی تک محدود ہو کر رہ گیا ہے ،قابل ذکر امر یہ ہے کہ شہریوں کی شکایات اور حساس ادارے کی بار بار نشاندہی کے باوجود انتظامیہ کا ٹس سے مس نہ ہونا باعث تشویش بن چکا ہے ، لوگوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ کے عملے کو منع بھی کیا جاتا ہے مگر ان کے کانوں جوں تک نہیں رینگتی ،وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نوٹس لے کر صورتحال کا تدارک یقینی بنائیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات