سرگودھا،وزیر اعلی ایجوکیشن پروگرام کے اربوں کے فنڈز خرچ کے باوجود گرلز پرائمری سکول چک 100 کی بد حالی برقرار

150سے زائد زیر تعلیم بچوں کیلئے صرف ایک بوسیدہ کمرہ دستیاب

منگل 8 مئی 2018 23:20

ْسرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) وزیر اعلی سکولز ایجوکیشن پروگرام کے تحت اربوں کے فنڈز خرچ کر دیئے گئے مگر گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول چک 100جنوبی کی بد حالی پر کسی کی توجہ نہ گئی، گائوں کے اس واحد پرائمری سکول میں لگ بھگ 150سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں،جن کیلئے انتہائی بوسیدہ صرف ایک کمرہ دستیاب ہے جبکہ دوسرا کمرہ زیر تسلط ہے ، جس کی وجہ سے زیادہ تر کلاسیں برآمدے میں ہی بٹھائی جاتی ہیں، سکول کی تعمیر 15سال قبل عمل میں آئی مگر اس دورانیہ میں اسکی مرمت پر ایک پائی بھی خرچ نہیں ہوئی جبکہ لاکھوں روپے فنڈز بھی فراہم کئے گئے جو کہاں خرچ ہوئے اس حوالے سے بھی کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں، انتہائی خستہ حال عمارت میں فرنیچر ، پینے کے صاف پانی، چار دیواری سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی وزیر اعلی پروگرام پرسوالیہ نشان بن کر رہ گئی ہے،بالخصوص چار دیواری نہ ہونے کی وجہ سے جہاں خواتین اساتذہ کی بے پردگی ہوتی ہے وہاں یہ امر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا بھی پول کھول رہا ہے ،سروے کے دوران سکول کے ننھے بچوں نے روزنامہ دنیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی میاں شہباز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔