کراچی، پاکستان کے بہتر حالات ، غیر ملکی سفارت کار اپنی حکومتوں کو پاکستان کے لئے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کی سفارش کریں،گورنر سندھ

کسی چیز کے تاثر کو زائل ہونے میں وقت لگتا ہے یہی وجہ ہے کہ 2013 کے مقابلہ میں امن وامان کی صورتحال نمایاں طور پر بہتر ہونے کے باوجود بعض غیر ملکی سرمایہ کار اصل حقیقت سے واقف نہیں تاکہ ان کے سرمایہ کار یہاں کے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھا سکیں،محمد زبیر کا چوتھے ڈپلومیٹک اور فارن انوسٹمنٹ ایوارڈ 2018 سے خطاب

منگل 8 مئی 2018 22:46

کراچی، پاکستان کے بہتر حالات ، غیر ملکی سفارت کار  اپنی حکومتوں کو پاکستان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے غیر ملکی سفارت کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں امن وامان کی بہتر صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی حکومتوں کو پاکستان کے لئے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کی سفارش کریں تاکہ ان کے سرمایہ کار یہاں کے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھا سکیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوتھے ڈپلومیٹک اور فارن انوسٹمنٹ ایوارڈ 2018 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں کے پی ٹی کے سربراہ ریئر ایڈمرل جمیل اختر ، دُپلومیٹک فورم کے پیٹرن انچیف ایڈمرل(ر) تنویر احمد ، ڈاکٹر شاھدہ وزارت، فورم کے صدر محمد آصف ہارون بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ کسی چیز کے تاثر کو زائل ہونے میں وقت لگتا ہے یہی وجہ ہے کہ 2013 کے مقابلہ میں امن وامان کی صورتحال نمایاں طور پر بہتر ہونے کے باوجود بعض غیر ملکی سرمایہ کار اصل حقیقت سے واقف نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان خصوصاً اس کے معاشی حب کراچی کی سازگار ماحول سے آگاہ کرنے کے لئے امریکہ ، برطانیہ ، قطر اور متحدہ عرب امارات میں روڈ شوز کا انعقاد کیا جس میں وہاں کے سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کے فوائد کے بارے میںتفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان روڈ شوز کے نتیجہ میں معیشت کے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔

اس ضمن میں 195 کمپنیوں پر مشتمل اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نصف سے زائد اراکین کی جانب سے سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کا جائزہ لینے کو بطور مثال پیش کرتے ہوئے کیا کہ اس سے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔ گورنر سندھ نے مختلف ممالک اور پاکستان کے مابین تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ میں غیر ملکی سفارت کاروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ضمن میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ ان کی کاوشوں کے باعث مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ سی پیک کے بارے میں بعض حلقوں میں پائے جانے والے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ یہ منصوبہ پاک چین دوستی کی عظیم مثال ہے لیکن یہ کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ہے بلکہ دیگر ممالک بھی اس میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ امریکہ ، برطانیہ ، فرانس، اٹلی، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کی کمپنیوں نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کی ہے جس سے نہ صرف معاشی تعمیر و ترقی ممکن ہوئی بلکہ روزگار کی فراہمی میں بھی مدد ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فرنٹ لائن اسٹیٹ کے طور پر عالمی امن کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور بے پناہ جان و مالی قربانیوں کے باوجود پاکستان دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں اپنے کردار کو جاری رکھنے کے لئے پر عزم سے کیونکہ ہم نہ صرف اس پورے خطہ بلکہ دنیا کو پر امن جگہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر فورم کے سرپرست اعلیٰ ایڈمرل (ر) تنویر احمد، مشاورتی بورڈ کی رکن ڈاکٹر شاھدہ وزارت اور فورم کے صدر محمد احمد آصف ہارون نے گورنر سندھ کو اپنے ادارے کے اغراض و مقاصد اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ گورنر سندھ نے چین ، جاپان ، ترکی، اٹلی، متحدہ عرب امارا ت اور دیگر ممالک کے سفارت کاروں کو اس موقع پر ایوارڈز دئیے۔#