یمن کی حکومت حوثی ملیشیاء کیساتھ امن مذاکرات کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے، پاکستان میرا دوسرا گھر ہے،

پاکستانی بہت مہمان نواز ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ یمن کیلئے ہمدردی اور جذبہ خیر سگالی کا اظہار کیا ہے ْیمن کے سفیر محمد مطاہر العشبی کی منیجنگ ڈائریکٹر ’’اے پی پی‘‘ مسعود احمد ملک سے بات چیت

منگل 8 مئی 2018 23:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) پاکستان میں جمہوریہ یمن کے سفیر محمد مطاہر العشبی نے کہا ہے کہ یمن کی حکومت ملک میں خونریزی ختم کرنے اورحالات معمول پر لانے کی غرض سے حوثی ملیشیاء کیساتھ امن مذاکرات کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورہ کے موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی مسعود احمد ملک سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

ڈائریکٹر ڈپلومیٹک افیئرز اے پی پی بھی اس موقع پر موجود تھے۔سفیر مطاہر العشبی نے کہا کہ یمن کی حکومت خونریزی کے خاتمے پر یقین رکھتی ہے لیکن حوثی باغی ہماری بات سنتے ہیں اور نہ ہی اس مسئلے کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی دکھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سفیر نے کہا کہ ہمارا ملک بین الاقوامی سیاست کا مرکز بن گیا ہے کیونکہ دیگر کئی ممالک حوثی ملیشیا کے مسئلے کے حوالے سے مثبت یا منفی کردار ادا کر رہے ہیں جس کے باعث اس مسئلے کو حل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے کیونکہ میں اس سے پہلے بھی پاکستان میں ذمہ داریاں نبھا چکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام میں انتہائی مماثلت پائی جاتی ہے جبکہ پاکستانی بہت مہمان نواز ہیں۔پاکستانی حکومت اور عوام نے ہمیشہ یمن کیلئے ہمدردی اور جذبہ خیر سگالی کا اظہار کیا ہے ہم بھی پاکستان میں امن دیکھنا چاہتے ہیں۔

سفیر کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان کے قومی خبر رساں ادارے اے پی پی اور نیشنل نیوز ایجنسی یمن’ صبا‘ کے درمیان خبروں کے تبادلے کے پروٹوکول پر دستخط ہوئے ہیں لیکن اس پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا۔سفیر نے کہا کہ خبر رساں ادارے ’صبا‘کا انتظام باغیوں نے اپنے ہاتھوں میں لیا ہے اور یمن کی حکومت نئے سیٹ اپ کے قیام پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دونوں نیوز ایجنسیوں کے مابین تعاون کو جلد بحال کیا جائیگا۔

ایم ڈی مسعود ملک نے یمنی سفیر کو اے پی پی کے زیر اہتمام خبر رساں اداروں کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو 13مئی سے اسلام آباد میں شروع ہو رہی ہے۔انہوں نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرینگے۔اس موقع پر ایم ڈی مسعود ملک نے یمن کے سفیر کو اے پی پی کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :