ایوان تجارت اوگی اور سول سوسائٹی کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد

منگل 8 مئی 2018 23:18

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) ایوان تجارت اوگی اور سول سوسائٹی کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک ریلی کا انعقاد کیا۔ ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر پاک فوج کے حق اور منظور پشتین کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی میں صدر ایوان تجارت اوگی سربلند خان کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی رینج کوارٹر اوگی سے شروع ہوئی اور میلاد چوک اوگی میں جلسہ کی صورت اختیار کرنے کے بعد اختتام پذیر ہوئی جس سے صدر ایوان تجارت سربلند خان، جنرل سیکرٹری محمد انور، محبت خان حسن زئی، جماد عثمانی، جنرل کونسلر ظاہر سواتی، انور سعید خان اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پاک فوج دنیا کی سب سے بہادر فوج ہے، پاک فوج کی قربانیوں کی وجہ سے ہم چین و سکون کی زندگی بسر کر رہے ہیں، ہمیں پاک فوج پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ منظور پشتین غدار وطن ہے، اس وقت وہ میر صادق اور میر جعفر کا کردار ادا کر رہا ہے۔