ڈائریکٹوریٹ آف کلچرل کی جانب سے ہزارہ کے شعراء کے ساتھ ناانصافیاں کھل کر سامنے آنا شروع ہو گئی

منگل 8 مئی 2018 23:18

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) ڈائریکٹوریٹ آف کلچرل ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ہزارہ کے شعراء کے ساتھ ناانصافیاں کھل کر سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں، صوبہ بھر میں 500 شعراء اور ادیبوں میں سے ضلع بٹگرام سے صرف چار افراد کو وظیفہ دیا گیا، بٹگرام ادبی ملگری سمیت عوامی و سماجی حلقوں نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے،500 میں سے ضلع بٹگرام کیلئے کم از کم 20 شعراء و ادیبوں کا انتخاب کیا جانا چاہئے تھا، ڈائریکٹوریٹ آف کلچرل ڈیپارٹمنٹ اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے شعراء، ادیبوں اور فن کاروں کیلئے ماہانہ وظیفہ پروگرام میں ڈائریکٹوریٹ آف کلچرل ڈیپارٹمنٹ نے ضلع بٹگرام کو سرد خانے کی نذر کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں بٹگرام ادبی ملگری کے جنرل سیکرٹری گلفام صابر، سابق چیئرمین پختونخوا اکیڈمی ہزارہ علی زر خان فکری، نوجوان شاعر عاطر شمالی اور بخت زمان قائل سمیت دیگر نے کہا کہ صوبہ بھر میں 500 افراد کا انتخاب انتہائی افسوسناک اور سمجھ سے بالاتر ہے، 500 افراد میں کم از کم 20 افراد ضلع بٹگرام کا حق بنتا ہے جو انہیں نہیں دیا گیا۔