پیپلز پارٹی نے اپنے دس سالہ دور حکومت میں سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں،رہنما پی پی ٹھٹھہ

منگل 8 مئی 2018 23:26

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) پیپلز پارٹی ٹھٹھہ کے ضلعی صدر صادق علی میمن اور جنرل سکریٹری امتیاز احمد قریشی نے پریس کلب ٹھٹھہ میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دس سالہ دور حکومت میں سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں اور ہزاروں بیروزگار نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار دیا ہے، عوام کے بنیادی مسائل کا حل پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ شہر کے پرانے واٹر سپلائی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں اور اس کے علاوہ ایک نئی واٹر سپلائی اسکیم بھی تیار کی گئی ہے، شہر کے رہائشی علاقوں، گلی اور محلوں کی سڑکیں پختہ کرانے کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے نظام میں بہتری لائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین بلا مقصد واویلا کر رہے ہیں، جو لوگ بلدیاتی انتخابات میں کونسلر کی نشست بھی نہیں جیت پاتے وہ پیپلز پارٹی کے خاتمے کی باتیں کر رہے ہیں، آئندہ انتخابات میں واضح ہوجائے گا کہ عوام کس کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اراکین ضلع کونسل ٹھٹھہ عبدالحمید پنہور، جہانگیر اور انجنیئر اوبھایو خشک بھی موجود تھے۔