وزیر داخلہ احسن اقبال پر بزدلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہیں‘مولانا سید عبد الخبیر آزاد

بادشاہی مسجد لاہور میں وفاق وزیر داخلہ احسن اقبال کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی ،اللہ تعالیٰ ان کو جلد صحت عطا فرمائے، آمین

منگل 8 مئی 2018 23:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) خطیب بادشاہی مسجد وچیئر مین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ ہم وزیر داخلہ احسن اقبال پر حالیہ قاتلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہیں ، یہ ایک بز دلانہ کارروائی ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، احسن اقبال ایک اچھے انسان ہیں ،انہوں نے ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی اور ملک وقوم کی خدمت میں ہمیشہ کوشاں ہیں، مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے تاریخی عالمگیری باد شاہی مسجد لاہور میں وزیر داخلہ احسن اقبال کی جلدصحت یابی کیلئے اجتماعی دعا کی،اس دوران حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یقینا یہ اس طرح کے بزدلانہ کارروائی سے ملک کو کمزور کرنے کی سازش ہے ، اس وقت ملک پاکستان ایک نازک دور سے گذر رہا ہے ، ہمیں چاہئے کہ اتفاق و اتحاد یکجہتی بھائی چا رہ کو فروغ دیں اور ہر قسم کے اختلافات کو بھلا کر آپس میں ایک ہو کر ملک وقوم کی خدمت بجا لائیں اور استحکام پاکستان اور امن کے فروغ کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ،وطن کی محبت ایمان کا حصہ ہے،اور یہ تبھی ممکن ہے جب ہم سب ایک ہوں گے،اللہ تعالیٰ اس وطن عزیز اور افواج پاکستان اور قومی اداروں کی حفاظت فرمائے ۔