صوبائی حکومت نے معلومات تک رسائی کے قانون کو مزید موثر بنانے کیلئے سوشل میڈیا کو بحیثیت میڈیم استعمال کرنے کافیصلہ

منگل 8 مئی 2018 23:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) صوبائی حکومت نے معلومات تک رسائی کے قانون کو مزید موثر بنانے کے لئے سوشل میڈیا کو بحیثیت میڈیم استعمال کرنے پر غور کیا ہے۔ اس حوالے سے پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ خیبر پختونخوانے صوبے کے تمام سرکاری محکموں کو مراسلہ ارسال کیا ہے مراسلے کے مطابق صوبائی حکومت نے تمام سرکاری محکموں کو محکمہ کے نام سے سوشل میڈیا اکائونٹ بنانے اور سرکاری محکموں کے ترقیاتی اہداف اور حصول سے متعلق تمام معلومات سوشل میڈیا پر شائع کرنے سے متعلقہ ضابطہ کار وضع کیا ہے تمام محکموں کو اندرونی و بیرونی خط وکتابت میں محکمہ کا ویب سائٹ ، فیس بک اور ٹوئٹر کا پتہ درج کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پیجز کا کنٹرول وانتظام وہی سرکاری اہلکار ہی سرانجام دیں گے مراسلے کے مطابق سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی سرکاری معلومات دینے سے قبل اپنے مجاز افیسر سے تصدیق کرانا لازمی ہوگا اور غیر مصدقہ معلومات سرکاری پیجز پر دینے سے سختی سے ممانعت کی گئی ہے تمام معلومات قارئین کی دلچسپی اور تبصرے کے لئے شائستہ زبان سے تحریر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جبکہ مصدقہ معلومات کے ساتھ متعلقہ ذرائع کا لکھنا لازمی ہوگا اور اسی طرح تمام محکموں کو سرکاری احکامات اور حکومتی اہداف و تازہ ترین معلومات کے حصول کے لئے پی ایم آر یو کے سوشل میڈیا پیجز فالو کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں تمام انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنروں کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔