حافظ نعیم الرحمن سے عتیق میر کی ملاقات ، شہر یوں اور تاجروں کے مسائل پر تبادلہ خیال

جماعت اسلامی اور تاجر رہنمائوں کا عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدو جہد اور کوششیںکرنے پر اتفاق جماعت اسلامی عوام کی ترجمان ہے، ایم کیو ایم نے نمائندگی کے باوجود مسائل کے حل کے لیے کچھ نہیں کیا ، حافظ نعیم الرحمن

منگل 8 مئی 2018 23:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے ادارہ نور حق میں ملاقات ۔ ملاقات میں کراچی کے شہریوں ، بالخصوص تاجروں کے مسائل ،بجلی ، پانی کے بحران اور امن و امان کے حوالے سے شہر کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی اور آل کراچی تاجر اتحاد کا مشترکہ جدو جہد کر نے پر اتفاق کیا گیا اور ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء اسحاق خان ، محمد اسلام،تاجر اتحاد کراچی کے صدر رمضان اعوان ، جنرل سیکریٹری شاہد علی خان ،اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کے صدر محمود حامد اور دیگر بھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے تاجروں کے نمائندہ وفد کو کے الیکٹرک ، نادرا اور واٹر بورڈ کے خلاف جماعت اسلامی کی پُر امن عوامی تحریک اور جدو جہد کے بارے میں بتایا اور کہا کہ جماعت اسلامی کی جدو جہد اور عوامی دبائو کے باعث شہریوں کو ریلیف ملا ہے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی نے عوامی احساسات و جذبات کی ترجمانی کی ہے اور شہر کے دیرینہ مسائل کو اُجاگر کیا ہے ۔

شہر میں ایم کیو ایم کے قومی و صوبائی اسمبلیء کے نمائندے ،بلدیاتی قیادت اور میئر ہونے کے باوجود ان لوگوں نے نہ صرف عوامی مسائل حل نہیں کرائے بلکہ کے الیکٹرک جس نے ریاست کے اندر ریاست اور ایک مافیا کی شکل اختیار کر لی ہے ۔اس کے خلاف بھی زبان نہیں کھولی اور کراچی کے عوام اور تاجروں کو کے الیکٹرک کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ایم کیو ایم نے اردو بولنے والوں کے نام پر سیاست کی لیکن نادرا کا مسئلہ تک حل نہیں کرایا۔

جماعت اسلامی نے بجلی اور پانی جیسے اہم اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے ہڑتال کی اپیل کی جس پر کراچی کے شہریوں اور تاجروں نے مثبت ردِ عمل دیا ۔ ایم کیو ایم نے اپنی 30سالہ تاریخ میں سینکڑوں مرتبہ پُر تشدد ہڑتالیں کیں لیکن کراچی کے مسائل اور بالخصوص کے الیکٹرک کے خلاف آج تک کوئی ہڑتال نہیں کی بلکہ اسے تحفظ اور سر پرستی فراہم کی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ نے عوام کی مثالی خدمت کی ہے اور ان کی اہلیت اور دیانت کی گواہی ان کے مخالفین بھی دیتے ہیں ۔

ہم کو آئندہ جب بھی موقع ملا ہم عوامی مسائل حل کرائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری بھی جماعت اسلامی کا ساتھ دے اور شہر میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی جدو جہد میں بھی شریک ہو۔ اس مو قع پر گفتگو کر تے ہوئے عتیق میر نے کہا کہ کراچی کے مسائل پر آل کراچی تاجر اتحاد جماعت اسلامی کے ساتھ ہے ۔ ہم جماعت اسلامی کی جدو جہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیںاور امید کرتے ہیں کہ یہ جدو جہد جاری رہے گی ۔

کراچی کا امن خراب کرنے اور تجارت کا پہیہ روکنے والوں کے خلاف جدو جہد میں ہم جماعت اسلامی کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بلا شبہ ماضی میں کراچی کو ہڑتالوں نے شدید نقصان پہنچایا اور اپنے قائد کے نام پر تو شہر کو بند کرایا گیا لیکن مسائل کے حل کے لیے کچھ نہیں کیا گیا ۔ ضروری ہے کہ کراچی کے تاجروں اور کاروبار کو تحفظ فراہم کیا جائے اور امن و امان کی صورتحال میں جوبہتری پیدا ہوئی ہے اسے مستقل اور پائیدار رکھا جائے ۔

رمضان اعون اور شاہد علی خان نے آل کراچی اتحادکے ساتھ کراچی کے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدو جہد کر نے پر زور دیا اور کہا کہ تاجروںپر مشتمل ورکنگ گروپ بنایا جائے اور مشترکات پر پوری تاجر برادری کو جمع کر کے فیصلہ کن جدو جہد کی جائے۔