آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر بلوچستان میں آہنی باڑ لگانے کا افتتاح کردیا

کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح اور نسٹ یونیورسٹی کیمپس کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا گیا مادر وطن کے دفاع کیلئے پاک فوج اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے گی،عض عناصر ہمارے نوجوانوں کوگمراہ کررہے ہیں ایسے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا،پاک فوج حکومت کے ساتھ ملک و قوم کی بہتری کیلئے بھرپور تعاون کررہی ہے، تعلیم صحت ، پانی ، بجلی اور انفراسٹرکچر میں مزید تعاون کرینگے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کاافتتاحی تقاریب اور قبائلی عمائدین سے گفتگو

منگل 8 مئی 2018 23:05

آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر بلوچستان میں آہنی باڑ لگانے کا افتتاح ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افغان سرحدپربلوچستان پنج پائی کے مقام پرآہنی باڑ کے کا م کاافتتاح کردیا۔پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر)کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افغان سرحدپربلوچستان پنج پائی کے مقام پرآہنی باڑ کے کا م کا افتتاح کیا اور قبائلی عمائدین اورمقامی افراد سے گفتگو کرتے ہوئے سیکیورٹی صورتحال برقراررکھنے میں بھی قبائلی عمائدین کاشکریہ ادا کیا۔

آرمی چیف نے کوئٹہ سیف سٹی پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا اس کے علاوہ نسٹ یونیورسٹی کوئٹہ کے کیمپس کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔افتتاحی تقاریب کے دوران آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک افغان بارڈرپر بلوچستان میں باڑسے دہشت گردوں کی نقل وحرکت پرنظررکھی جاسکے گی اورآہنی باڑدہشت گردوں کی سرحد پارسے نقل و حرکت روکے گی جس سے سکیورٹی کی صورتحال کو تقویت ملے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے میں قبائلی عمائدین کا تعاون قابل قدر ہے ۔انہو ں نے کہاکہ دوطرفہ اقتصادی سرگرمیوں سے متعلق خصوصی انتظامات اور قانونی نقل وحرکت کے لیے مخصوص کراسنگ پوائنٹس رکھے گئے ہیںکراسنگ پوائنٹس سے آمد ورفت اوراقتصادی سرگرمیاں ممکن ہوں گی ۔آرمی چیف نے مزید کہ کہ ہر شخص کو قانون کی پاسداری یقینی بناتے ہوئے اپنی آئینی حدود میں رہنا چاہیے ،پاک فوج حکومت کے ساتھ ملک و قوم کی بہتری کے لئے بھرپور تعاون کررہی ہے اور تعلیم صحت ، پانی ، بجلی اور انفراسٹرکچر میں مزید تعاون کرینگے ۔

انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کوٹے اور خصوصی انتظامات پر انحصار نہ کرے اور بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی دیگر شہروں کے مساوی لائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کو مسترد کرکے امن حاصل کیا اور پاکستانی قوم نے مسلح افواج کے ساتھ ملکر امن کی خاطر بے پناہ قربانیاں دی ہیں تاہم بعض عناصر ہمارے نوجوانوں کوگمراہ کررہے ہیں ایسے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ مادر وطن کے دفاع کے لئے پاک فوج اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے گی کیونکہ آئین و قانون پر عملدرآمد ہرایک کی ذمہ داری ہے۔ 5-18/--323