طویل عرصے سے جاری مالی، تعلیمی اور انتظامی بحرانوں کی بدولت جامعہ اردومسائل کا گڑھ بن چکی تھی، اقدامات کی بدولت بحرانوں میں کمی آئی ، شیخ الطاف حسین

منگل 8 مئی 2018 23:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) وفاقی اردو یونیورسٹی انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین نے کہا کہ طویل عرصے سے جاری مالی، تعلیمی اور انتظامی بحرانوں کی بدولت جامعہ اردومسائل کا گڑھ بن چکی تھی۔ ان کے اقدامات کی بدولت بحرانوں میں کمی آئی ہے لیکن اس وقت بھی جامعہ کو متعددمسائل کا سامنا ہے۔

وہ اساتذہ و وعمال کے تعاون سے جلد جامعہ اردوکے مسائل حل کریں گے اور اس کاشمار ملک کی بہترین جامعات میں ہوگا۔ اس سے قبل انہوں نے انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کے نو منتخب اساتذہ سید اقبال نقوی، روشن علی سومرو، ڈاکٹر عرفان عزیز، سیما ابڑو اور فاروق احمد کھتری سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میںرجسٹرارافضال احمد، ڈین فیکلٹی برائے فنون ڈاکٹر ضیاء الدین، انچارج ڈین فیکلٹی تعلیمات ڈاکٹر کمال حیدر، یونیورسٹی سینیٹ اراکین ڈاکٹرافتخار احمد طاہری اور نجم العارفین، سنڈیکیٹ کے رکن ڈاکٹر ممنون احمد خان، اکیڈمک کونسل کی اراکین ڈاکٹر آزادی فتح محمد برفت اور ڈاکٹر تسنیم فاطمہ، شعبہ امتحانات کے کنٹرولر غیاث الدین کے علاوہ اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجمن اساتذہ کے صدر سید اقبال حسین نقوی نے کہا کہ اردو یونیورسٹی کو لاتعداد مسائل کا سامنا ہے۔ جن کا حل مستقل مزاجی اور اساتذہ اور انتظامیہ کے درمیان مسلسل اور مثبت رابطوں کی صورت میں ممکن ہے۔گزشتہ کئی برسوں سے درپیش لیڈر شپ کے بحران نے بھی گونا گوں مسائل کو جنم دیا۔ خدا کا شکر ہے کہ لوگوں کا جامعہ پر اعتماد پھر سے بحال ہورہا ہے اوریہاں علمی اور ادبی سرگرمیاں بہتر ہوگئی ہیں۔ اس کے علاوہ ہماری جامعہ میں داخلے کے رجحان میںبھی اضافہ ہوا ہے۔ موجودہ انتظامیہ کے دور میں مسائل حل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔تقریب سے ڈاکٹر عرفان عزیز اور ڈاکٹر افتخار احمد طاہری، نجم العارفین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔