ٹریفک قوانین پر پابندی کے سلسلہ میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کئی اہم اقدامات بروئے کار لا رہی ہے، ایس ایس پی فرخ رشید

منگل 8 مئی 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین پر پابندی سے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور اس سلسلہ میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کئی اہم اقدامات بروئے کار لا رہی ہے، دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں، دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال نہ کریں اور اوور سپیڈنگ سے اجتناب کریں، شہریوں کی حفاظت کرنا ہماری اولین تر جیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی طرف سے منعقدہ ریڈ کریسنٹ کے اشتراک سے روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین ایجوکیشن آگاہی مہم کے موقع پر کیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ہلال احمر کے اشتراک سے روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین ایجوکیشن آگاہی مہم کا انعقاد کیا جس کے مہمان خصوصی ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید تھے جبکہ اس موقع پر چیئرمین ہلال احمر ڈاکٹر سعید الہی، سیکرٹری جنرل غلام محمد اعوان، ایس پی ٹریفک خالد رشید، ایجوکیشن ٹیم آئی ٹی پی اور سکولوں کے طلباء و طالبات بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس مہم کا مقصد روڈ یوزرز میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ شہریوں کی قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ مہم کا آغاز پی اے آر سی چوک سے کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایس ایس پی ٹریفک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین پر پابندی سے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور اس سلسلہ میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کئی اہم اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔

انہو ں نے کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال نہ کریں اور اوور سپیڈنگ سے اجتناب کریں ،دوران سفر لین وائلیشن بڑے حادثات کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ایجوکیشن ٹیم اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں میں طلباء کو روڈ سیفٹی کے متعلق آگاہی لیکچرز کا بھی اہتمام کر رہی ہے۔

اس کے علاوہ مختلف شاہراوں پر بھی یہ ٹیم شہریوں کو اس سلسلہ میں ٹریفک قوانین کے متعلق معلومات فراہم کر رہی ہے تاکہ شہری قانون کی پاسداری کرتے ہوئے ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ چیئرمین ہلا ل احمر ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران سخت گرمی میں بھی شہریوں کو بہترین سفری سہولیات مہیا کرنے کیلئے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے ٹریفک پولیس افسران کیلئے 300 چھتریاں اور 300 فرسٹ ایڈکٹ بھی دیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی تمام گاڑیوں میں جدید سہولیات سے آراستہ فرسٹ ایڈ بکس بھی لگائے جائیں گے تاکہ کسی بھی حادثاتی صورتحال میں ٹریفک پولیس شہریوں کو ابتدائی طبی امداد مہیا کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہلال احمر ٹریفک پولیس کی تمام آگاہی مہم میں بطور والنٹئی بھرپور ساتھ دے گی، آخر میںمہم کے حوالے سے شہریوں میں پمفلٹس اور بروشرز تقسیم کئے گئے۔