بھارت،اہم مندروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی

مذہبی مقامات پر سیکیورٹی میں اضافہ،امن و امان کو تہ وبالا کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی،حکام

منگل 8 مئی 2018 23:41

متھرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) بھارتی ریاست اتر پردیش کے اہم مندروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے، مذہبی مقامات پر سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا،امن و امان کو تہ وبالا کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش میں متھرا کے اہم مندروں کو بم سے اڑانے کی مبینہ دھمکی کا پوسٹر لگنے کے بعد مذہبی مقامات پر سیکیورٹی دستوں میں اضافہ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس سپرنٹنڈنٹ پربھاکر چودھری نے بتایا کہ غیر سماجی عناصر نے مال گودام روڈ پر پوسٹر لگایا جس پر مندر کو بم سے اڑانے کی بات تحریر تھی۔ اس کی چھان بین شروع کردی گئی۔ اس معاملے میں حقیقت سامنے آنے پرامن و امان کو تہ وبالا کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ پوسٹر کے ذریعے دی جانیوالی دھمکی کے بعد جی آر پی ، آر پی ایف اور دیگر سیکیورٹی ادارے مستعد اور الرٹ ہوگئے ہیں۔شاہراہوں اور داخلی راستوں پر پولیس چوکیاں قائم کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔ واضح ہو کہ اس سے قبل بھی اسی قسم کی دھمکی فون کے ذریعے پولیس کو موصول ہوئی تھی۔