پاکستان کا مستقبل تابناک ، ترقی و خوشحالی کی جانب چل پڑا ،دھرنا اور لاک ڈاؤن سیاست کا جنازہ نکل چکا‘ پرویز ملک

قیادت پر لگائے گئے الزامات کی حقیقت سامنے آرہی ہے ، عوام حقائق جان چکے ہیں‘ صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کی گفتگو

منگل مئی 23:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک اور صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ، ترقی و خوشحالی کی جانب بڑھ رہے ہیں دھرنا اور لاک ڈاؤن سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے،ملک کی ترقی کے لئے محنت، دیانت اور امانت کو شعار بنانا ہوگا، ہماری قیادت پر لگائے گئے الزامات کی حقیقت سامنے آرہی ہے ، اور عوام جان چکے ہیں پاکستان کا مستقبل نئی نسل کی جدوجہد سے وابستہ ہے۔

2018ء کے انتخابات میں عوام کی عدالت میں ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) سرخرو ہو گی، قائد میاں نواز شریف کی قیادت میں قوم کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں داخل کردیا ہے،اورپاکستان کی تاریخ کے سب سے شفاف اور تیز رفتار منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں اور موجودہ حکومت نے شفافیت کی تاریخ رقم کرکے اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے ہیں۔

(جاری ہے)

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ارکان اسمبلی چوہدری شہباز،میاںمرغوب احمد،سید توصیف شاہ،سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف،عامر خان،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،جاوید اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ باشعور عوام نے جھوٹ اور الزامات کی منفی سیاست کرنیوالوں کو آئینہ دکھا دیا ہے۔ منفی احتجاج،، انتشار اور دھرنوں کی سیاست کرنیوالوں کو شکست فاش ہو گی، انتشار اور منفی سیاست کرنیوالوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہر الیکشن میں سرخرو کیا ہے۔