Live Updates

امریکہ اور اس کے حواری آج دنیا بھر میں مسلمانوں کو نیست ونابود کرنے کیلئے تمام تر وسائل استعمال کر رہے ہیں،

وقت آگیا ہے مسلم امہ ایک پلیٹ فارم پر متحدہ ہو کر امریکی سازشوں کو ناکام بنا دیں صوبائی قائمقام امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا عطائ الحق درویش کا اجتماع سے خطاب

منگل 8 مئی 2018 23:45

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی قائمقام امیر مولانا عطائ الحق درویش نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے حواری آج دنیا بھر میں مسلمانوں کو نیست ونابود کرنے کیلئے تمام تر وسائل استعمال کر رہے ہیں،وقت آگیا ہے کہ مسلم امہ ایک پلیٹ فارم پر متحدہ ہو کر امریکی سازشوں کو ناکام بنا دیں، 13مئی کو مینار پاکستان میں مذہبی قوتوں کا تاریخی اجتماع امریکہ اور اس کے ایجنٹوں کے زہر قاتل ثابت ہوگا۔

وہ دار الادب چارسدہ میں تینوں تحصیلوں کے ذمہ داران اور کارکنوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔اجتماع سے پارٹی کے صوبائی نائب امیر مولانا رفیع اللہ قاسمی ،ضلعی امیر مولانا محمدہاشم خان ، جنرل سیکرٹری پیر مفتی گوہر علی شاہ ، حنیف اللہ حسرت اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عطائ الحق درویش اور دیگر مقررین نے کہاکہ مدارس او ردینی حلقوں کے خلاف آج وطن عزیز سمیت دنیا بھر میں امریکہ کی قیادت میں ایک منظم ساز ش اور جنگ لڑی جا رہی ہے جس کی روک تھام کیلئے مذہبی جماعتوں کا اتحاد و اتفاق وقت کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ طاعونی قوتوں نے دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا ہے اور مسلم ریاستوں میں جنگ و جدل کا بازار گرم کر کے بے گنا ہ مسلمانوں کو شہید کیا جا رہا ہے،مسلم امہ کو فسادات اور مشکلات سے بچانے کیلئے مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں ایم ایم اے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ اور اس کے حواریوں کو مذہبی حلقوں کا اتفاق و اتحاد دکھانے کیلئے 13مئی کو لاہور میں تاریخی اجتماع منعقد کیا جائیگاجس سے مولانا فضل الرحمان سمیت ایم ایم اے کی قیادت مستقبل کا سیاسی روڈ میپ واضح کریگی۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ یہودی ایجنٹ نے خیبر پختونخوا میں تبدیلی کے نام پر ووٹ لیا مگر انہوں نے فحاشی و عریانی کو پروان چڑھا کر پختون کلچر اور اسلامی اقدار کی دھجیاں اڑا دی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان اور سیکولر قوتوں کو شکست دینے کیلئے کارکن ذاتی اختلافات پس پشت ڈال کر 13مئی کے تاریخی اجتماع اور آئندہ عام انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کریں۔ 13مئی کو مینار پاکستان میں مذہبی قوتوں کا تاریخی اجتماع امریکہ اور اس کے ایجنٹوں کے زہر قاتل ثابت ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات