سینئر صحافی ذیشان اشرف بٹ کا قاتل ملزم عمران اسلم چیمہ بیرون ملک فرار ہو گیا ، پولیس ذرائع

ملزم عمران زمینی راستوں کے ذریعے بیرون ملک فرار ہوچکا ہے کیونکہ پاکستان کے کسی بھی ائیرپورٹ سے ملزم کی بیرون ملک روانگی کا ریکارڈ نہیں مل سکا۔

منگل 8 مئی 2018 23:50

سمبڑیال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سمبڑیال کے سینئر صحافی ذیشان اشرف بٹ کا قاتل ملزم عمران اسلم چیمہ( ن لیگی چیئرمین یونین کونسل بیگووالہ) بیرون ملک فرار ہو چکا ہے۔ مقامی سینئر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ ملزم عمران زمینی راستوں کے ذریعے بیرون ملک فرار ہوچکا ہے کیونکہ پاکستان کے کسی بھی ائیرپورٹ سے ملزم کی بیرون ملک روانگی کا ریکارڈ نہیں مل سکا۔

تاہم ملزم کے پاس اٹلی سمیت تمام یورپین ممالک کے سفری دستاویزات موجود تھیں اور ملزم اس سلسلہ میں بیرون ملک فرار ہونے کے تمام زمینی راستوں سے بخوبی واقف تھے۔ ملزم عمران اسلم چیمہ نے تقریبا ڈیڑھ ماہ قبل 27مارچ2018کو بیگوالہ میں فائرنگ کر کے اپنے صحافتی فرائض سر انجام دیتے ہوئے سمبڑیال کے سینئر صحافی ذیشان اشرف بٹ(نمائندہ روزنامہ نوائے وقت سمبڑیال) کو قتل کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

اب ڈیڑھ ماہ گزر جانے کے باوجود بیگووالہ پولیس تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔ اس مقدمہ قتل میں پولیس ملزم عمران کی حقیقی بہن اور بہنوئی اور دیگر تین ملزمان کو گرفتار کر کے سیالکوٹ جیل منتقل کیا گیا ہے۔ دریں اثناء پولیس نے چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم پر عمران ملزم کی تمام جائیداد کی قرقی کے لئے بھی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔ پولیس نے محکمہ ریونیو سے ملزم کی تمام جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ ملزم کی تمام جائیدادیں سپریم کورٹ کے حکم پر جلد ہی قرق کر دی جائیں گی۔