Live Updates

عوامی مفاد کیلئے شروع منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے، تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی،صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف

منگل 8 مئی 2018 23:53

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے مختلف اداروں کے حکام کو ہدایت جاری کی ہیں کہ عوامی مفاد کیلئے شروع منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے ،ان میں کسی بھی قسم کی تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی۔ وہ بروز منگل ڈپٹی کمشنر مردان اور سی اینڈ ڈبلیو حکام کے ہمراہ مردان میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کررہے تھے۔

انہوں نے مران میں جار ی منصوبوں ، کالج چوک،فیملی پارک، بخشالی چوک، رنگ روڈ پارک، باب مردان، شیخ ملتون چوک اور نہر چوک فلائی اوورپر ترقیاتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے عوام کی سہولیات کیلئے کئی میگا پراجیکٹس شروع کررکھے ہیں ،ان کی تکمیل سے مردان کے عوام کو بہت سہولیات میسر ہوں گی، فلائی اوورز کی تکمیل سے ٹریفک کے مسائل میں بہت کمی آئیگی جبکہ پارکوں سے عوام کو بہترین تفریحی سہولیات مل سکے گی مردان شہر کی اہمیت اور آبادی کو مد نظر رکھتے ہوئے کئی پارکس پر کام جاری ہیں، صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم نے جہاں صوبے میں امن کو قائم کیا ، اداروں کے تشخص کو بحال کیا، وہاں پورے صوبے میں کئی اہم ترقیاتی منصوبے بھی شروع کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مردان میں ہم نے کئی اہم منصوبے شروع کررکھے ہیں ، جن میں ویمن یونیورسٹی مردان، انجینئرنگ یونیورسٹی مردان، گرلز کیڈٹ کالج مردان، فاطمہ الفہری سکول جبکہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کے تحت بھی کئی اہم منصوبے شروع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ میٹریل کے استعمال کو یقینی بنانے اور تعمیراتی کام کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ ہمارے کام اور سابقہ کاموں میں معیار کا فرق صاف ظاہر ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات