ڈی پی او کوہاٹ کا سیکورٹی صورتحال کے پیش نظرحساس شاہراہوں پر واقع چیک پوسٹوں کا دورہ ،حفاظتی انتظامات کا جائزہ

منگل 8 مئی 2018 23:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے سیکورٹی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حساس شاہراہوں پر واقع چیک پوسٹوں کا اچانک دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے انتہائی کٹھن حالات میں فرائض منصبی انجام دینے والے پولیس عملے میں نقد انعامات تقسیم کئے۔منگل کی علی الصبح ضلعی پولیس سربراہ نے کوہاٹ ٹل پاڑا چنار کی مرکزی شاہراہ پر ضلع ہنگو سے متصل شہر کے داخلی راستے میں آنے والی تھانہ استرزئی سے ملحقہ کوہاٹ پولیس کی حساس چیک پوسٹ سپیشل فور کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے علاقائی محل وقوع کا جائزہ لیتے ہوئے چیک پوسٹ کی حفاظتی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا،ضلعی پولیس سربراہ نے چیک پوسٹ میں تعینات پولیس عملے سے انکے مسائل و مشکلات سے متعلق دریافت کیا اور انتہائی کٹھن و مشکل حالات کے باوجوداپنے فرائض منصبی کو لگن اور تندہی سے انجام دینے والے پولیس اہلکاروں میں نقد انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے کوہاٹ ہنگو روڈ پر قائم کاغزئی پولیس چوکی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وی وی ایس ،آئی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل فون کی جدید ٹیکنالوجی آلات کے ذریعے موقع پر گاڑیوں اور اشخاص کی چیکنگ کے طریقہ کار کے بارے میں متعلقہ پولیس اہلکاروں سے معلومات حاصل کیں۔دورے کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے پولیس اہلکاروں کوہتھیاروں سے مسلح وحفاظتی آلات بلٹ پروف جیکٹ و ہیلمٹ سے لیس الرٹ اور چیکنگ کے عمل میں مصروف پایاجس پر چیک پوسٹ کے تمام پولیس عملے کو موقع پر نقد انعامات دیتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے پولیس اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ تحفظ عامہ کیلئے اپنی تمام تر توانائیاںاور پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔

ضلعی پولیس سربراہ نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو اپنی اور اپنے ساتھی کی حفاظت کو یقینی بنانے اور چیکنگ کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتنے کی سختی سے تاکید کی۔ انہوں نے حساس چوکیوں و چیک پوسٹوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کو علاقائی سرحدات کا محافظ قرار دیتے ہوئے انکے بلند حوصلوں ،ہمت و بہادری کی تعریف کی اور انہیں ملک وقوم کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوںپرکاربند رہنے کی تلقین کی۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مرت نے حساس چوکیوں و چیک پوسٹوں میں تعینات پولیس اہلکاروں میں انعامات تقسیم کرتے پولیس فورس میں جزا وسزا کے عمل کو انکے اصل روح کے مطابق جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔