نوجوان نسل کسی بھی معاشرے کی سب سے بڑی طاقت ہوتی ہیں،

ہمارا دشمن ماضی میں ہر محاذ پر ناکامی کے بعد اب ہماری نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے آئی جی ایف سی کور خیبر پختونخوا میجر جنرل عابد لطیف کا گومل یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب

منگل 8 مئی 2018 23:53

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا میجر جنرل عابد لطیف خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کسی بھی معاشرے کی سب سے بڑی طاقت ہوتے ہیں ،ہمارا دشمن ماضی میں ہر محاذ پر ناکامی کے بعد اب ہماری نوجوان نسل کو گمراہ کرکے ملک کیخلاف اکسانے کی ناکام کوشش کررہا ہے تاہم آج کے اس سیمینار نے ثابت کیا ہے کہ شکست اور محرومی پاکستان دشمن قوتوں کا مقدر بنے گی ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گومل یونیورسٹی میں نوجوانوں کا قومی ترقی اور یکجہتی میں کردار کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا ۔ گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور،کمشنر ڈیرہ ڈویژن عبدالغفور بیگ، ریجنل پولیس آفیسر محمد کریم خان، سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر عاطف منشا ، شعبہ ابلاغ عامہ گومل یونیورسٹی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکبر شیخ،سول سوسائٹی کے نمائندہ ڈاکٹر فاروق گل،گومل یونیورسٹی کے طلبہ وردا وفا گل، عامر مختار،علی حسن،شاہد خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں گومل یونیورسٹی کے رجسٹرار دل نواز خان، معروف روحانی شخصیت پیر شہاب الدین آف موسی زئی شریف۔ کے علاوہ گومل یونیورسٹی ، گومل میڈیکل کالج اور ڈیرہ اسماعیل خان کے دیگر کالجز سے طلبہ اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔میجر جنرل عابدلطیف خان نے کہا کہ گومل یونیورسٹی میں اس نوعیت کے سیمینار کے انعقاد پر میں یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبہ کے جذبہ کو نہ صرف سراہتا ہوں بلکہ اپنے مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کراتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج اس کھلے ماحول میں طلبہ کو کھل کر مافی الضمیر بیان کرنے کا بھرپوموقع فراہم کیا گیا پاکستان ان چند خوش قسمت ممالک میں جسکی آبادی کاایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے دور حاضر کی جنگوں میں نت نئے ہتھیار واطوار کا اضافہ ہوا ہے ہائبرڈ جنگی حکمت عملی نے آج کے ماحول کو خطرناک بنادیا ہے ہمارا دشمن چوتھے درجے کی جنگ میں ناکامی کے بعد اگلے درجے کی جنگ میں ہماری نوجوان نسل کو گمراہ کر کے اپنے ہی ملک کے خلاف اکسانا چاہتے ہیں اس میدان جنگ میں نوجوان نسل دشمن کے لیئے سب سے پہلا ہدف ہے جو کہ باآسانی دشمن کی چالوں کا شکار ہوسکتا ہے اس جنگ کو جیتنے کے لیئے نوجوانوں کی درست رہنمائی اور تربیت ضروری ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی سینیٹ ہال میں فاٹا کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے اور فیکلٹی ممبرز سے تعلیمی ترقی ملکی سلامتی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا اور یونیورسٹی انتظامیہ کو اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ گومل یونیورسٹی میں ہر خطہ کے طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں جو ایک قوم کی صورت میں اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نئی نسل انتہائی باصلاحیت ہے ہماری ٹیم کی یہ کوشش ہے کہ طلبہ کو جدید ترین علم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی اعلی پیمانے پر تربیت بھی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں سیمینار ورکشاپ کلچر کو فروغ دیا گیا ہے انتظامی اور علمی ترقی قوموں کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے، آج کے اس سیمینار میں شرکت کرنے پر میں آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد لطیف خان اور دیگر مہمانوں کا جہاں مشکور ہوں وہیں اس سیمینار کے اعلی انتظامات پر رجسٹرار دل نواز خان اور انکی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

کمشنر ڈیرہ ڈویژن عبدالغفور بیگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری نئی نسل جس انداز سے سوچتی ہے وہ قابل داد ہے انہیں درست سمت کی راہ نمائی انتہائی ضروری ہے اور اس نوعیت کے سیمینارز ان مقاصد کے حصول میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں جس پر گومل یونیورسٹی مبارک باد کی مستحق ہے ، سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر عاطف منشا نے ملک دشمن قوتوں کے عزائم کی ناکامی کو پاکستانی عوام کے افواج پاکستان پر غیر متزلزل اعتماد کا عملی ثبوت قرار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کے نوجوانوں نے آج سیمینار میں جن امور پر بات کی ہے وہ قابل داد ہے۔ریجنل پولیس آفیسر محمد کریم خان نے کہا کہ نئی نسل منشیات کی لعنت سے خود کو دور رکھے سگریٹ اس لعنت کو گلے لگانے کا پہلا قدم ہے، سماج دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ پولیس نے فوج اور عوام کے تعاون سے دہشت گردوں کے عزائم بھی ناکام بنائے۔

انہوں نے اہم موضوع پر سیمینار کا انعقاد کرنے پر یونیورسٹی انتظامیہ کو سراہا مقررین نے کہا کہ ہماری نئی نسل جہاں باصلاحیت ہے وہیں اس دھرتی کے ساتھ اسکی محبت بھی لازوال ہے، علمی میدان میں ہمیں آگے بڑھنا ہوگا حصول تعلیم پر پوری توجہ مبذول کرنی ہوگی تعلیم یافتہ افراد اور معاشرے کے ہر فرد کی یہ ذمہ داری ہے کہ نئی نسل کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے میں اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کریں صرف تعلیم ہی نہیں نئی نسل کی تربیت پر بھی ہمیں توجہ مبذول کرنی ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں متعدد کلچر کے رنگ ایک دوسرے سے محبت کے دھاگے میں پروئے ہوئے ہیں ہمیں اپنے کلچر پر فخر کرنا ہوگا اور ترقی کا نام لیکر اغیار کے کلچر کو اپنے کلچر پر مسلط کرنے کی سازش ناکام بنانا ہوگی، اسلام اور ملک دشمن قوتیں ہمیں تفرقہ بازی میں مبتلا کرکے کمزور کرنے کی سازشیں کررہے ہیں جن کا مقابلہ ہم اسلامی تعلیمات پر پاسداری اور اتحاد کی صورت میں ہی کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس حوالے سے نئی نسل کی درست سمت میں راہ نمائی کرے۔ سنی سنائی باتوں کو پھیلانے سے گریز کیا جائے اور اعلی صحافتی اقدار کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جائے، گومل یونیورسٹی میں اس نوعیت کے سیمینار کا انعقاد انتہائی قابل ستائش ہے ایسی تقاریب کا تسلسل جاری رکھنا چاہیئے۔ سیمینار میں آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد لطیف خان نے طلبہ کے سوالات کے جوابات دئے اس موقع پر تمام مقررین میں آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد لطیف خان نے شیلڈ ز تقسیم کیں جبکہ گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد لطیف خان۔ اور دیگر مہمانوں کو فرینڈز آف گومل یونیورسٹی شیلڈ ز پیش کیں۔