کراچی،غربت کے خاتمے اور ہر ایک کنبے کو معاشی طور پر مستحکم کرنے میں عورت اہم کردار ادا کرتی ہے،سمیع الدین صدیقی

اسی تناظر میں عورت کے ہنر کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں،ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی کا ’’سرتیوںسنگ ثقافتی نمائش 2018ء ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 8 مئی 2018 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے اور ہر ایک کنبے کو معاشی طور پر مستحکم کرنے اور ترقی یافتہ معاشروں میں عورت اہم کردار ادا کرتی ہے، اسی تناظر میں عورت کے ہنر کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ یہ بات ڈی جی کے ڈی اے نے سماجی تنظیم (Sindh Rural Support Organization)کی جانب سے ڈولمین مال کلفٹن کراچی میں منعقد کی گئی ’’سرتیوںسنگ ثقافتی نمائش 2018ء ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی مختصر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈی جی کے ڈی کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ کے دیہی علاقوں میں عورت کی دستکاری کے مختلف ڈیزائن کو ملکی اور عالمی سطح پر فروغ دے کر ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

سماجی تنظیم کی جانب سے ہینڈی کرافٹ کی نمائش کا اہتمام خوش آئند اقدام ہے جبکہ سرکاری سطح پر بھی اس طرح کے پروگرام منعقد ہونے چاہئیں۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ ہینڈی کرافٹ انڈسٹری کو مضبوط کرنے سے خواتین کے لئے باعزت روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اس حوالے سے ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔

بعدازاں سماجی تنظیم سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ڈیتل کلھوڑو نے ڈی جی کے ڈی اے کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے اجرک کا تحفہ پیش کیا۔#

متعلقہ عنوان :