ڈی جی پی آرپنجاب کے معطل ملازمین کو11مئی کیلئے ذاتی شنوائی کے حتمی نوٹس جاری

پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ نے بھی عابد نور بھٹی کو بے گناہ ثابت کردیا ،غنڈہ گردی اورخاتون افسران سے بدتمیزی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی‘ترجمان

منگل 8 مئی 2018 21:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) ڈی جی پی آرپنجاب کے 17معطل ملازمین کو11مئی کیلئے ذاتی شنوائی کے حتمی نوٹس جاری کردئیے گئے ۔8مئی کیلئے ذاتی شنوائی کیلئے جاری ہونے نوٹس کے جواب میں دو ملازمین نے مجاز اتھارٹی کے سامنے پیش ہوکر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجوہات پیش کیں اوربتایا کہ وہ سرکاری ڈیوٹی کیلئے دفتر حاضر ہونا چاہتے تھے لیکن غنڈہ ناصر نے انہیں ڈرا دھمکا کر دفتر حاضر ہونے سے جبری روکا اوردفتر جانے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ۔

نوٹس ملنے کے باوجود ذاتی شنوائی کیلئے پیش نہ ہونے والے 17ملازمین کو حتمی نوٹس جاری کردئیے گئے ۔ترجمان ڈی جی پی آر نے بتایا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹ نے بھی ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا عابد نور بھٹی کو بے گناہ ثابت کردیا ہے کیونکہ صدرکلرک یونین محمد تصور کی جانب سے خودساختہ زخم کیلئے استعمال ہونے والے پیپر کٹر پر ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا کے فنگر پرنٹ کے نشانات نہیں پائے گئے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ معطل ملازمین غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اوران کی سرگرمیوں کی سنگینی کے پیش نظر ان کے خلاف کاروائی روکی نہیں جاسکتی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے مروجہ قوانین کے تحت کاروائی شفاف انداز میں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اورمجاز افسران حکومتی رٹ اور قانون کی بالادستی کیلئے بہتر انداز میںکام کررہے ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی اتھارٹی نے قانونی کاروائی میں مداخلت کی ہے اورنہ اس ضمن میں کوئی ہدایت جاری ہوئی ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ قانون شکن اورغنڈہ عناصر سے مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔قانون اپنا رستہ اختیا رکرے گااوراس ضمن میں کسی اتھارٹی نے غنڈہ عناصر کوکوئی یقین دہانی نہیں کرائی۔ترجمان نے واضح کیا کہ غنڈہ گردی اور ہنگامہ آرائی سے حکومتی ادارے پر دبائو نہیں ڈالا جا سکتااورانکوائری کے نتیجے میں خاتون افسران سے بدتمیزی اورہنگامہ آرائی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :