Live Updates

صدر پا پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے 12مئی کو مزار قائد سے متصل باغ جناح میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کردیا

کراچی میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا ملاپ ہے۔پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے سازش کے تحت ہمارے جلسہ کو خراب کرنا چاہا، سعید غنی

منگل 8 مئی 2018 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) پا کستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے 12مئی کو مزار قائد سے متصل باغ جناح میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا ملاپ ہے۔پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے سازش کے تحت ہمارے جلسہ کو خراب کرنا چاہا۔ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی مل کر ا س گراو نڈ میں جلسہ بھر کر دکھا دے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کی شام ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا،پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی ، جنرل سیکریٹری کراچی ڈویڑن ایم پی اے جاوید ناگوری کے ہمراہ پی پی پی میڈیا سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 12مئی کا انتخاب ضلع شرقی میں اس وجہ سے کیا کہ 12مئی کو اس ضلع کے لوگوں نے سب سے زیادہ شہداتیں دیں۔

(جاری ہے)

مئی کا دن منانے میں سب سے زیادہ تکلیف ایم کیو ایم کو ہے کیونکہ ایم کیو ایم کے اس وقت کے وزیر داخلہ وسیم اختر کراچی میں خونی کی ہولی کھیلی۔ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا ملاپ ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر پیپلز پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کو خراب نہیں کیا گیا تو ان کے جلسوں کی طرح ان کے بلیٹ باکس بھی خالی نظر آئے گے۔انھوں نے کہا کہ کل گلشن اقبال میں ہونے والے واقعات کی ذمہ داری پی پی پی پر ڈالی جارہی تھی مگر آج سب کو پتہ چل گیا کہ کس طرح پی ٹی آئی کے کارکنوں اور عہدیداروں نے کراچی کا امن خراب کرنے اور ایک اور 12مئی کا واقعہ رونما کروانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان نے پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی ، دہشت گردی دیکھی کہ کس طرح پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کے ورکروں کو مارا پیٹا، ان پر فائرنگ کی ،گاڑیوں کو نذر آتش کیا اور املاک کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ علی زیدی کا کہنا ہے کہ فائرنگ ان کے گارڈز نے کی جبکہ علی زیدی نے اپنے ہی بیان میں کہا کہ ہم چائے پینے گئی تو پیچھے سے یہ سب کچھ ہو گیا اور اگر گارڈز نے فائرنگ کی تو کس کے کہنے پر پیپلز پارٹی کے ورکروں پر فائرنگ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی صورت میں بھی کراچی کا امن تباہ وبرباد کرنے نہیں دیگی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ہم نے جگہ تبدیل کی اور ہم بھی دیکھنا چاہتے ہیں کہ جس گراو نڈ کے لئے پی ٹی آئی نے اتنا شور مچا رکھا تھا وہ اس گراو نڈ میں کامیاب جلسہ کر کے دیکھائیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس گراو نڈ میں جلسہ کر کے پاکستان کو بتائیں کہ کراچی کی عوام کتنا پی ٹی آئی کی پالیسیوں کے حق میں ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 2007میں ٹانگہ پارٹی تھی، پی ٹی آئی کے جتنے جلسے کراچی میں ہوئے بری طرح سے فلاپ ہوئے ہیں۔کراچی میں عمران خان کے سارے جلسے بری طرح فلاپ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 12 مئی کو باغ جناح گراو نڈ مزار قائد پر بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کریگی اور 12مئی کے شہداو ں سے بھرپور اظہار یکجہتی کریگی۔ انہوں نے کہا کہ 12مئی 2007کو سرکاری اسلحہ استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عمران خان مشرف کے ساتھ اور ان کی گود میں بیٹھے تھے اور ان کو 12مئی کے دن اور واقعہ سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل کے واقعہ میں پیپلز پارٹی کے ورکروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے کراچی کے غنڈہ عناصر اور دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات