موجودہ صورتحال میں یہ بات خوش آئند ہے ایم کیوایم کے کارکنان اور عوام اپنی قیادت سے زیادہ اپنا کردار ادا کررہے ہیں ، کنوینر خالد مقبول صدیقی

الیکشن 2018 سے قبل سیاسی جماعتوں میں محاذ آرائی اور وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ نیگ شگون نہیں ہے کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کو ایم کیوایم مخالفین نے مخالفانہ تقریریں کرکے ایک بار پھر جگا دیا ہے ، سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان

منگل 8 مئی 2018 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی ڈیفنس کلفٹن ریزیڈنٹس کمیٹی کے زیر اہتمام ڈیفنس کے علاقے خیابان شہبازمیں اجلاس منعقد ہوا جس میں(ر) عسکری افسران ، ٹیکنو کریٹس ، بزنس مین اور تاجر برادری سمیت معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اجلاس سے ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول مقبول صدیقی اور سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے خطاب کیا اور موجودہ سیاسی صورتحال کے متعلق آگاہی فراہم کی ۔

اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان عبد القادر خانزادہ اور محفوظ یار خان بھی موجود تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ الیکشن 2018 سے قبل سیاسی جماعتوں میں محاذ آرائی اور وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ نیگ شگون نہیں ہے ، ملک بھر کی سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ آئندہ انتخابات میں پرامن سیاسی ماحول پیدا کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے انہیں پورا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مئی کے مہینے کے آخر میں نگراں حکومت کا قیام عمل میں لایا جانا والا ہے اور الیکشن کے مراحل کو حتمی شکل دی جائے گی ، ایم کیوایم مردم شماری اور حلقہ بندیوں پر اپنے اعتراضات جمع کراچکی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ حلقہ بندیوں اور مردم شماری کے معاملے پر انصاف فراہم کیاجائے تاکہ الیکشن کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان موجودہ سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ اپنے اندرونی مسائل سے بھی دوچار ہے لیکن یہ بات خوش آئند ہے کہ ایم کیوایم کے کارکنان اور عوام اپنی قیادت سے زیادہ اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور قیادت کو رہنمائی دے رہے ہیں اور اس کا مقصد یہ ہے کہ ایم کیوایم کے خلاف چاہے جتنے ہی پروپیگنڈے اور سازشیں اور ماحول کیوں نہ بنا دیاجائے عوام کا فیصلہ ہے کہ وہ ایم کیوایم ، اس کے انتخابی پتنگ اور سہ رنگی پرچم کے ساتھ تھے اور رہیں گے اور ایم کیوایم پاکستان کو آئندہ انتخابات میں پہلے سے زیادہ ووٹ دیکر بھر پور کامیابی سے ہمکنار کرائیں گے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم کے سینئر کنوینر عامر خان نے کہاکہ ایم کیوایم کی اندرونی صورتحال سے فائدہ اٹھانے والی نام نہاد سیاسی جماعتیں آئندہ الیکشن میں ایک بار پھر مایوس ہوں گی اور کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں کے عوام آئندہ انتخابات میں انہیں بری طرح سے مسترد کرکے تمام ظلم ، ناانصافیوں اور زیادتیوں کا حساب لیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کو ایم کیوایم مخالفین نے مخالفانہ تقریریں کرکے ایک بار پھر جگا دیا ہے اور 5مئی کو شہدائے اردو گرانڈ لیاقت آباد میں ہونے والے جلسہ کی عظیم الشان کامیابی اور اس میں موجود شرکا کا جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے اور انشا اللہ اب بانیان پاکستان اور ان کی اولادیں اپنے خلاف مذموم عزائم اور چہرے رکھنے والی نام نہا دسیاسی جماعتوں کی آئندہ الیکشن میں ضمانتیں ضبط کروا دیں گے ۔