عمران نیازی کی تربیت غیرسیاسی اور غیر جمہوری عناصر کے ہاتھوں ہوئی ہے،سیدنیئرحسین بخاری

منگل مئی 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی تربیت غیرسیاسی اور غیر جمہوری عناصر کے ہاتھوں ہوئی ہے اس لئے وہ انتشار کو اپنی سیاست سمجھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 12مئی کے سانحے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن شہید ہوئے تھے۔ اس لئے پیپلزپارٹی 12مئی کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنا چاہتی تھی جبکہ عمران نیازی نے کراچی میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

نیر بخاری نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی یہ سیاسی بصیرت ہے کہ انہوں نے کسی اور جگہ پر جلسہ کرنے کی کارکنوں کو ہدایت کی۔ نیر بخاری نے کہا کہ عمران نیازی پکڑو، مارو اور جانے نہ پائے کی ذہنیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی صبر، برداشت اور درگزر کرنے کے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک انتشار اور انارکی کا متحمل نہیں ہے۔ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی سوجھ بوجھ سے محروم ہے اور اس کی قیادت ایسا شخص کر رہا ہے جس کی نہ سیاست اپنی ہے اور نہ زبان۔ یہی وجہ ہے کہ وہ سیاسی موقع پرستوں پر مشتمل لشکر کی قیادت کر رہے ہیں۔