سینیٹرز نزہت صادق، مولانا عبدالغفور حیدری اور شمیم آفریدی سینیٹ کی مختلف قائمہ کمیٹیوں چیئرپرسنز منتخب

منگل 8 مئی 2018 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) سینیٹرز نزہت صادق، مولانا عبدالغفور حیدری اور شمیم آفریدی کو بالترتیب سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں برائے میری ٹائم افیئرز، مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی اور آبی وسائل کا چیئرپرسنز منتخب کیا گیا ہے۔ منگل کو کمیٹیوں کے چیئرپرسنز کے الیکشن کا انعقاد پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔

سینیٹر نزہت صادق کا نام سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے میری ٹائم افیئرز کی چیئرمین شپ کیلئے سینیٹر شمیم آفریدی نے تجویز کیا جس کی سینیٹر ستارہ ایاز نے تائید کی۔ مولانا عبدالغفور سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ سینٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق نے تجویز کی تائید کی۔

(جاری ہے)

نومنتخب چیئرمین نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ مختلف مذاہب کے درمیان پرامن بقائے باہمی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی ضرورت ہے۔ سینیٹر شمیم آفریدی سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ سینیٹر شبلی فراز نے تجویز کی تائید کی اور شمیم آفریدی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ سینٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمن نے کہا کہ پانی کی قلت اور اس کی منصفانہ تقسیم کمیٹی کے سامنے ایسے مسائل ہیں جن پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا ساتواں بڑا ملک ہے جہاں پانی کی قلت جیسے مسائل کا سامنا ہے، پانی سے متعلقہ مسائل میں کمی لانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔