بے بی بھٹو زرداری نے کہا پی ٹی آئی حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ کرلے ،اگر یہی بیان دینا تھا تو تین دن سے ہم کس بات کی درخواست کر رہے تھے ، عمران اسماعیل

کھلم کھلا آفر دی حکیم سعید گراؤنڈ میں کوئی بھی جلسہ نہ کرے، جواب میں پیپلز پارٹی نے نو نکاتی طنز پر مبنی پیغام جاری کیے گئے، فردوس شمیم نقوی پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمران اسماعیل، حلیم عادل شیخ اور فردوس شمیم نقوی کی پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘میں پریس کانفرنس

منگل مئی 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل ،پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدر حلیم عادل شیخ اور پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ہم نے آج کھلم کھلا آفر دی کہ حکیم سعید گراؤنڈ میں کوئی بھی جلسہ نہ کرے ۔

ہمارے جواب میں پیپلز پارٹی کی جانب سے نو نکاتی طنز پر مبنی پیغام جاری کیے گئے۔ بے بی بھٹو زرداری نے ٹویٹ کرکے کہا کہ پی ٹی آئی حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ کرلے ۔اگر یہی بیان دینا تھا تو تین دن سے ہم کس بات کی درخواست کر رہے تھے ۔پیر کے دن ہم نے کہا کہ مل بیٹھ کر بات کر لیتے ہیں لیکن وہ بات نہیں کرنا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

ہم نے کمشنر کے آفس جا کر یہ آفر دیا کہ مل بیٹھ کر کوئی حل نکال لیتے ہیں لیکن وہ راضی نہیں ہوئے۔

ہم جب ایک بار کچھ دے دیتے ہیں تو ہمارے دین نے بھی یہی سکھایا ہے کہ اسے واپس مت لو۔ ہم نے کہہ دیا کہ ہم یہاں جلسہ نہیں کریں گے تو اب ہم اس جگہ جلسہ نہیں کریں گے۔ آپ کے فیصلے کو سلام ہے کہ شہر کے امن کا کچھ نہ کچھ خیال آپ کو بھی آیا۔ پہلے آپ نے لیاقت آباد میں آگ لگائی تھی اب آپ نے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں آگ لگا دی۔ آگ بجھانے کے لیے تو بعد میں آجاتے ہیں لیکن آپ آگ لگاتے کیوں ہیں۔

اس شہر نے جتنی قربانیاں دی ہیں اتنی دہشت گردی کی جنگ میں بھی نہیں تھیں۔ پیپلز پارٹی نے اچھا اقدام لیا، ہم اسے سراہتے ہیں۔ ہم اس جگہ جلسہ نہیں کریں گے لیکن ڈسٹرکٹ ایسٹ میں کریں گے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب بارہ مئی کو الہ دین پارک سے متصل گراؤنڈ میں جلسہ کریںگے۔ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم شہر کے امن کی خاطر ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

ہمیں پی ٹی آئی کارکنوں کی جان کی حفاظت اور کراچی کا امن دونوں بہت پیارے ہیں۔ اگر ڈی سی ایسٹ کو ابھی تک ہماری درخواست وصول نہیں ہوئی تو وہ یہ پریس کانفرنس دیکھ لیں ۔۔تحریک انصاف کبھی اپنے ورکرز کا خون نہیں ہونے دے گی ۔پی ٹی آئی ایک بڑا جلسہ ضرور کرے گی ۔پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمران اسماعیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی پارٹی کو یہ نہیں سمجھنا چائیے کہ ہم کراچی پر قبضہ کر رہے ہیں ۔

اس جلسے کے لیے عمران خان سمیت اسلام آباد اور کے پی کے کی قیادت کراچی آئے گی۔ ہم نے ہتھیار یا ڈنڈے کی سیاست کبھی نہیں کی ۔ہماری پارٹی خوف اور دہشت کی سیاست نہیں کرتی ۔ہم اپنی جماعت میں کبھی دہشت گردوں کو شامل نہیں ہونے دیں گے۔اس جلسے سے کسی پارٹی کو ڈرنا نہیں چاہئے۔ کراچی ایک رنگین اور روشنیوں کا شہر ہے ۔یہاں ہر طبقے کا آدمی موجود ہے ۔

سب برابر ہیں ۔سب سے ہم نے دوستی کی۔تمام جماعتوں کو کہا کہ آگے بڑھو اور امن لوٹائو۔۔کراچی کا امن خراب نہ کریں۔پی ٹی آئی کسی دہشت گرد کے لیے دروازے نہیں کھولے گی۔ پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدر حلیم عادل شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ الذوفقار اور گینگ وار کراچی میں آگئی ہے ۔۔کراچی میں ایم کیو ایم کی جگہ لینا چاہتی ہیں۔ الطاف حسین کی جگہ بلاول زرداری نے لے لی ہے۔

پیپلز پارٹی گینگ وار پارٹی ہے۔ کرمنل لوگوں کو رینجرز ویڈیو کی مدد سے پکڑیں۔آج سے نیا دن شروع ہوگیا ہے۔پہلے ایم کیو ایم نے دہشت پھیلائی ہوئی تھی اب وہ طریقہ پیپلز پارٹی نے اپنا لیا ہے ۔ہم اس پر امن جلسے کے لیے کراچی کی عوام کو دعوت دیتے ہیں۔ سینئر مرکزی رہنما عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ : عمران خان کے بارے میں یہ غلط تاثر ہے کہ بارہ تاریخ کو کراچی نہیں آئینگے ۔

عمران خان اس جلسے کی صدارت خود کرینگے ۔۔پیپلز پارٹی کے باغ جناح میں جلسہ کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہیں۔ لیکن جو کل کیا حکومت وقت کو یہ سب کرنا زیب نہیں دیتا۔فردوس شمیم نقوی کا مزید کہنا تھا کہ انور مجید کے منشی کو کہنا چاہتا ہوں کہ میڈیا اہم کردار ادا کرتا ہے ۔کمشنر کراچی نے میڈیا سے جو سلوک کیا اس کی مذمت کرتے ہیں ۔کمشنر کراچی کے اس روئیے پر احتجاج کرتا ہوں۔