یونیورسٹی آف لاہور پاکپتن کیمپس میں طلبہ کو اعلیٰ تعلیمی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، سید رضا علی گیلانی

بدھ 9 مئی 2018 00:05

پاکپتن۔ 08مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف لاہور پاکپتن کیمپس میں طلبہ کو اعلیٰ تعلیمی سہولیات فراہم کی جارہی ہیںتاکہ مستقبل کے یہ معمار پاکستان کا نام روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں ،کانووکیشن میں پاکپتن کیمپس کے طلبا و طالبات کے 11گولڈ میڈل اس بات کا ثبوت ہیں کہ اس کیمپس کے اساتذہ انتہائی محنت اور دلجمعی سے فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف لاہور مین کیمپس میں ہونیوالی تقریب میں شرکت کے بعد پاکپتن کیمپس پہنچنے پر طلبا و طالبات سے بات چیت کر تے ہوئے کیا ، اس موقع پر ، ڈائریکٹر پیر الطاف حسین چشتی اور پروریکٹر ایکسٹرنل کیمپسز پروفیسر سلیم رضا چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے بتایا کہ کانووکیشن میں ڈگری لینے والے 98طلبا و طالبات میں سے 11کا گولڈ میڈل لینا پاکپتن کیمپس کیلئے ایک اعزاز ہے، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف لاہور کاپاکپتن کیمپس نہ صرف اس علاقے کے طلبا کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کر رہا ہے بلکہ وہاڑی ، بہاولنگر ، دیپالپور ، ساہیوال اور دیگر نواحی علاقوں کے لوگوں کیلئے بھی کسی نعمت سے کم نہیں۔