کپاس کی گلابی سنڈی کے کنٹرول کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات شروع

بدھ 9 مئی 2018 00:20

ملتان۔ 08مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) محکمہ زراعت جنوبی پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے کپاس کی گلابی سنڈی کے کنٹرول کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔اس ضمن میںکپاس کے کاشتکاروں کوپنجاب کی اہم تحصیلوں میںگوسیپلور(روپس) اور ہر یونین کونسل میںسیکس فیرمون ٹریپس کی مفت فراہمی کی جائے گی تاکہ کپاس کی فصل گلابی سنڈی کے حملے سے پوری طرح محفوظ ہو سکے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ گوسیپلور(روپس) اور سیکس فیرمون ٹریپس سے گلابی سنڈی کے پروانوں کو ابتدائی سطح پر کنٹرول کیا جا سکتا ہے اور اس سے کپاس کی فصل غیرضروری سپرے کے عمل سے بھی محفوظ رہتی ہے۔پوری دنیا میں اس طریقہ کار کو بیحد پذیرائی حاصل ہے۔محکمہ زراعت پنجاب اس ضمن میںکپاس کے علاقوں میں گوسیپلور(روپس) اور سیکس فیرمون کے نمائشی پلاٹس بھی لگائے گا۔

(جاری ہے)

اس سکیم کے تحت کپاس کے مرکزی و ثانوی علاقہ جات ملتان،بہاولپور،ڈی جی خان،ساہیوال،سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژنوں کی 54 تحصیلوں میں 50ایکڑ تک آبپاش زرعی اراضی کے مالک کاشتکار اکیلے یا گروپ کی صورت میں درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ اس سکیم میں حصہ لینے کے خواہشمند کاشتکار حضرات درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(توسیع) یا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(پیسٹ وارننگ) کے دفاتر سے مفت حاصل کرسکتے ہیں یا درخواست فارم محکمہ زراعت(توسیع) کی ویب سائٹ www.ext.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈائون لوڈ کیے جا سکتے ہیں ۔

مزید براںدرخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابلِ قبول ہو گی۔ اس سکیم میں حصہ لینے کے خواہشمند کاشتکار حضرات اپنی درخواستیں15 مئی2018 تک متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع)کے دفاتر میں جمع کروا کے رسید حاصل کریں۔اس ضمن میںکاشتکار مجوزہ درخواست فارم پر درج تمام ہدایات پر عمل کرنے کا پابند ہوگا۔مزید معلومات کیلئے کاشتکار دفتری اوقات میں فون نمبر042-99200774 ،042-99203485 اور 042-99204371 پر دفتری اوقات میں رابطہ کرکے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔