پاکستان سپر کبڈی لیگ میں سیمی فائنلز کی لائن اپ مکمل، گجرات واریئرز کا مقابلہ کشمیر جانبازسے آج ہوگا

بدھ مئی 00:20

لاہور۔08مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) پاکستان سپر کبڈی لیگ میں سیمی فائنلز کی لائن اپ مکمل ہوگئی، آج گجرات واریئرز کا مقابلہ کشمیر جانبازسے ہوگا، فیصل آباد شیردلز کو ساہیوال بلز کی دیوار گرانا ہوگی،،کراچی زور آورز،گوادر بہادرز،،پشاور حیدرز اور ملتان سکندرز کوارٹرفائنل میں ہمت ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر کبڈی لیگ میں پول اے سے کراچی زور آورز، گوادربہادرز اور گجرات واریئرز نے براہ راست جبکہ ساہیوال بلز نے المنیٹر میچ میں لاہور تھنڈرز کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی، پول بی میں پشاورحیدرز،فیصل آباد شیردلزاور ملتان سکندرز براہ راست جبکہ کشمیر جانباز نے المنیٹر میچ میں اسلام آبادآل سٹارز کو زیر کرکے اس مرحلے میں جگہ بنائی تھی، گزشتہ روز پہلے کوارٹر فائنل میں کشمیر جانباز اور کراچی زور کا کانٹے دار مقابلہ ایک مرحلے پر 22-22سے برابر تھا،بعد ازاں کشمیر جانباز نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برتری بڑھانا شروع کی اور 32کے مقابلے میں 39پوائنٹس کیساتھ سیمی فائنل میں قدم رکھ دیئے،دوسرے کوارٹر فائنل میں فیصل آباد شیردلز نے گوادر بہادرز کو اپ سیٹ کیا، ایک مرحلہ پر فیصل آباد شیردلز کو صرف 3پوائنٹس کی برتری حاصل تھی لیکن گوادر بہادرز مسلسل ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو حاوی ہونے کا موقع فراہم کردیا، فیصل آباد شیر دلز نے 45-26سے فتح سمیٹی۔

(جاری ہے)

تیسرے کوارٹرفائنل میں بھی غیر متوقع نتیجہ سامنے آیا،،پشاور حیدرز نے 19کے مقابلے میں 22پوائنٹس کیساتھ برتری حاصل کرنے کے بعد متعدد مواقع ضائع کئے، ساہیوال بلز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 36-32سے کامیابی کیساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنائی، گجرات واریئرز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد ملتان سکندرز کو 34-32سے مات دیکر ایونٹ میں پیش قدمی جاری رکھی،ایک مرحلہ پر فاتح ٹیم کو 10پوائنٹس کی برتری حاصل تھی لیکن ملتان سکندرز نے کم بیک کرتے ہوئے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔آج سیمی فائنل میں گجرات واریئرز کا مقابلہ کشمیر جانبازسے ہوگا، فیصل آباد شیردلز کو ساہیوال بلز کی دیوار گرانا ہوگی۔