بلدیاتی قیادت شہر کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے ، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ

بدھ 9 مئی 2018 00:20

سکھر۔ 8مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ بلدیاتی قیادت شہر کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے خاص طور پر ان یونین کمیٹیوں میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر کرائے جارہے ہیں جہاں سہولتوں کی کمی محسوس کی جارہی ہے ، ہمارا عزم ہے کہ شہر میں فراہمی و نکاسی آب سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر سمیت ہر علاقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کمیٹی نمبر 1 کے تفصیلی دورے کے موقع پر علاقے کے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر طارق چوہان ، چیئرمین یو سی 1 ڈاکٹر عبدالخالق جتوئی ، مختار کھوکھر ، یاسین آرائیں اور بلدیہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے یو سی کے مختلف علاقوں چھوٹی چھوٹی گلیوں اور گندے نالے کا بھی معائنہ کیا اور جہاں جہاں ضرورت محسوس کی گئی وہاں گلیوں کی پختگی ، نالیوں کی تعمیر اور فٹ پاتھ ، راستوں کو پکا کرنے کی اجازت دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یو سی 1 بہت جلد تمام شہری سہولتوں سے آراستہ ہوجائے گی ، شہر کے ہر علاقے کو صفائی ستھرائی، پانی کی فراہمی گندے پانی کی نکاسی، نالوں کی صفائی اور اوور فلو کی وجہ سے جمع ہوجانے گندے والے پانی کی نکاسی مین ہولز اور گٹر کی تعمیر ، نالوں اور نالیوں کی صفائی ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔ یو سی چیئرمین ڈاکٹر عبدالخالق جتوئی نے بھی انہیں علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا ، میئر سکھر نے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے رضا مندی کا اظہار کیا ، واضح رہے کہ میئر سکھر نے کونسل کے اجلاس میں تمام یونین کمیٹیوں کے دورہ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کا آغاز یو سی 1 سے کیا گیا ہے جبکہ شہر میں اہم سڑکوں ، گلیوں اور راستوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شہر کو خوبصورت سرسبز و شادات بنانے کے لئے بھی عملی کام شروع کردیا گیا ہے ، اس ضمن میں اور طویل مدت اور کم مدت کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرتے ہوئے تیزی سے کام جاری ہے ۔

علاقہ کے لوگوں نے میئر سکھر کے دورے کے موقع پر خوشی کا اظہار کیا اور مسائل کے حل پر انکا شکریہ اد اکیا۔ میئر سکھر نے یو سی صفائی ستھرائی پر چیئرمین ڈاکٹر عبدالخالق جتوئی کی کاوشوں کو سراہا۔