پاکستان مسلم لیگ(ن) کا منشور عوام کی فلاح و بہبود ہے،پاکستان مسلم لیگ(ن)نے نعروں اور وعدوں کی بجائے عملی سیاست کو فروغ دیا، وفاقی وزیر سیفران جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ کی خاران میں وفود سے گفتگو

بدھ 9 مئی 2018 00:30

خاران۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے قائم مقام صوبائی صدر وفاقی وزیر سیفران جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کا منشور عوام کی فلاح و بہبود ہے،پاکستان مسلم لیگ(ن)نے نعروں اور وعدوں کی بجائے عملی سیاست کو فروغ دیا اور اس جماعت نے ہمیشہ عوامی اور ملکی مفا د میں ہی کام کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خاران میں اپنے رہائش گاہ پر وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کا مشن عوامی خدمت اور ملکی ترقی ہے، عوامی خدمت کے شعبہ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی کارکردگی روزروشن کی طرح عیاں ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت کے خلاف مخالفین کی تمام سازشیں ناکام ہوگئیں ،مخالفین کے شور شرابے کا نتیجہ ان کے ناکام دھرنوں سے مختلف نہیں ہوگا،کھوکھلے نعروں سے عوام کو بہکانے کی کوشش کرنے والوں کو ایک پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا،پاکستان کی عوام مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑی ہے ،عوام خوشحالی کے منصوبوں کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے عوام مسلم لیگ ن کو کارکردگی کے بنیاد پر 2018 کے الیکشن میں مینڈیٹ دے گا کیونکہ مسلم لیگ ن نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں ملک کے تعمیر و ترقی کے راہ پر گامزن کیا ۔انہوں نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوامی مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے،عوام نے ہمیشہ سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مخلصانہ سیاست کو اہمیت دی ہے۔

وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ عوام نے منفی سوچ رکھنے والے سیاست کو مسترد کردیا ہے ، جھوٹ کی سیاست کبھی بھی کامیاب نہ ہوگی ،نفرت کی سیاست پھیلانے والے عوام کا خیر خواہ نہیں ہوسکتے مسلم لیگ (ن) کا منشور بلوچستان میں گڈگورننس کا قیام، کرپشن سے پاک نظام اور انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل ہے ہمارا ایجنڈا مستقبل میں مستحکم امن کا قیام، غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ اور اداروں کا استحکام ہے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ووٹ کے مقدس فریضے کو مملکت پاکستان اور بلوچستان کے بہترین عوامی مفاد میں استعمال کریں اور علاقے میں خوشحال اور ترقی کے خواب کو حقیقی معنوں میں شرمندہ تعبیر کریں انہوں نے کہا کہ بلوچستان آج نسلی، لسانی اور فرقہ وارانہ وفاداریوں کامتحمل نہیں ہوسکتا ہے بلکہ آج ہمیں پاکستانیت اور قومی سوچ کی بنیاد پر ایک نئے دورکا آغازکرنا ہے جس میں ہماری منزل خودار ، خودمختار اور خوشحال پاکستان ہے جبکہ ہمارا عزم ہے کہ ہم آئندہ الیکشن میں اللہ کی حکم اور مہربانی اور عوام کے بھرپور اعتماد سے بلوچستان کو پرامن، باوقار اور ترقی یافتہ مثالی صوبہ بنائیں انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف بلوچستان کو پاکستان کا ماڈل صوبہ بنانے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا تھا جس میں بلوچستان بشمول میرے حلقہ انتخاب بڑے بڑے عوامی منصوبوں پر کام جو اپنے پایہ تکمیل تک پہنچنے والے ہیں مسلم لیگ ن پاکستان اور بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی آئندہ کے انتخابات ہمارے ترقی کے ایسی ایجنڈے پر ہوں گے اور ہمیں یقین ہے کہ اللہ کا فضل اور عوام کا بھرپور اعتماد ہمیں سرخرو کرے گا۔