چکوال میں 65کروڑ روپے کی لاگت سے ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور سی ٹی سکین سنٹر کا افتتاح،عمران نے کے پی کے میں ہسپتال بنائے ہوتے ، دکھی انسانیت کی خدمت کی ہوتی تو خیبر پختونخوا کے عوام علاج کیلئے پنجاب کا رخ نہ کرتے، پنجاب بھر میں صحت عامہ کے حوالے سے انقلاب برپا کر دیا،اب چکوال کے مریضوں کو پنڈی نہیں جانا پڑے گا،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گفتگو

بدھ 9 مئی 2018 00:50

چکوال ۔ 8 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے منگل کے روزعمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ اگر آپ نے کے پی کے میں ہسپتال بنائے ہوتے ، دکھی انسانیت کی خدمت کی ہوتی تو خیبر پختونخواہ کے عوام علاج کیلئے پنجاب کا رخ نہ کرتے۔ آپ نے پانچ سال دھرنوں میں ضائع کر دیے، محاذ آرائی کی سیاست کی جس کی وجہ سے پاکستان کو ہم گزشتہ پانچ سال میں جس جگہ لے جانا چاہتے تھے اس جگہ لے کر نہ جا سکے ۔

وہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں 65کروڑ روپے کی لاگت سے ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور سی ٹی سکین سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی، چیئرمین دفاعی پیداوار سینٹ کمیٹی جنرل (ر) عبدالقیوم، سینیٹر سید مشاہد حسین، ایم این اے سردار ممتاز ٹمن، ایم پی اے چوہدری سلطان حیدر علی، رکن قومی اسمبلی میجر طاہر اقبال، رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ، رکن قومی اسمبلی بیگم عفت لیاقت، رکن پنجاب اسمبلی ملک شہریار اعوان، رکن پنجاب اسمبلی مہوش سلطانہ، چیئرمین ضلع کونسل طارق اسلم ڈھلی، چیئرمین بلدیہ چکوال چوہدری سجاد احمد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب سوا دو بجے کے قریب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال پہنچے جہاں پر انہیں ہسپتال کو اپ گریڈیشن کیے جانے کے مختلف شعبے دکھائی گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ چکوال جیسا ہسپتال خیبر پختونخواہ کے کسی بھی ضلع میں ایسا دکھا دیں تو وہ مان جائیں گے کہ خیبر پختونخواہ میں بھی کوئی ترقی ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چکوال شہیدوں، غازیوں ، جوانوں اور دلیروں کی سرزمین ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں صحت عامہ کے حوالے سے ہم نے ایک انقلاب برپا کر دیا ہے اب چکوال کے مریضوں کو پنڈی نہیں جانا پڑے گا اور جدید ترین ٹیکنالوجی کی سی ٹی سکین مشین ہم نے نصب کر دی ہے جہاں پر مریضوں کے مفت ٹیسٹ ہونگے۔

انہوں نے تمام ان ڈور اور آئوٹ ڈور ٹیسٹ اور ادویات مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہسپتال کاکچرہ جس میں ویسٹ ،پٹیاں اور انجکشن وغیرہ شامل ہیں ان کو راکھ کرنے کیلئے 13اضلاع میں جدید ترین پلانٹ نصب کر دیئے گئے ہیں جبکہ 13مزید اضلاع میں یہ جدید پلانٹ نصب کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید بتایا کہ دور دراز پنجاب کے علاقوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ20موبائل ہسپتال موجود ہیں جہاں پر دور دراز علاقوں میں لوگوں کی دہلیز پر جدید طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کر دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے پرائمری ہیلتھ کیئر کے صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان کو بھی شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا کہ جنہوں نے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے رات دن ایک کرتے ہوئے پنجاب کے ہسپتالوں کی حالت تبدیل کر کے رکھ دی ہے۔