بھارت کا انگلینڈ کے خلاف ون ڈے، ٹی ٹونٹی اور آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے الگ الگ سکواڈز کا اعلان، لوکیش راہول، شیریاس آئر اور امباتی رائیڈو سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب

بدھ 9 مئی 2018 10:20

ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے انگلینڈ کے خلاف شیڈول ون ڈے، ٹی ٹونٹی اور آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے الگ الگ سکواڈز کا اعلان کر دیا، لوکیش راہول، شیریاس آئر اور امباتی رائیڈو بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے، تینوں کھلاڑیوں کو رواں آئی پی ایل میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں سکواڈز میں شامل کیا گیا ہے۔

بھارتی ٹیم انگلینڈ کے خلاف اس کی سرزمین پر تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ آئرلینڈ کے خلاف بھی تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

(جاری ہے)

اعلان کردہ ون ڈے سکواڈ کپتان ویرات کوہلی، شیکھر دھون، روہت شرما، لوکیش راہول، شیریاس آئر، امباتی رائیڈو، مہندرا سنگھ دھونی، یزویندرا چاہل، واشنگٹن سندر، جسپریت بمرا، ہرڈک پانڈیا، سیدارتھ کول، اومیش یاداو، شردل ٹھاکر اور بھنشور کمار شامل ہیں، انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف اعلان کردہ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں کپتان ویرات کوہلی، شیکھر دھون، روہت شرما، لوکیش راہول، سریش رائنا، منیش پانڈے، مہندرا سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، یزویندرا چاہل، کلدیپ یاداو، واشنگٹن سندر، بھنشور کمار، جسپریت بمرا، ہرڈک پانڈیا، سیدارتھ کول اور اومیش یاداو پر مشتمل ہے۔